Friday, April 19, 2024

یوم شہدائے کشمیر پر آزاد کشمیر میں بھارت مخالف ریلیاں

یوم شہدائے کشمیر پر آزاد کشمیر میں بھارت مخالف ریلیاں
July 13, 2020

مظفر آباد ( 92 نیوز) یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر آزاد کمشیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں ، فضا آزادی کشمیرکے نعروں سے گونجتی رہی ۔ درجنوں نوجوانوں نے کفن پہن کر احتجاج کیا، مقررین نے واضح کیا کہ بھارت کو جموں کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینا ہوگا۔

یوم شہدائے کشمیر  کی مناسبت سے آزاد کشمیر میں مظفرآباد، نیلم ، میرپور سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب ،جلسے جلوس، ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ مظفرآباد  میں  برہان وانی شہید چوک میں شرکا نے ریلی نکالی جو دومیل سیداں کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی ، اس دوران  فضا نعرہ  تکبیر سے گونجتی رہی۔

13 جولائی کے شہدائے کشمیر کی یاد میں 22 نوجوانوں نے کفن پہن کر تمثیل پیش کی ، مقررین  نے کشمیر کی آزادی تک جہدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

میرپور آزاد کشمیر اور  بھمبر میں  بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا  انعقاد کیاگیا ۔ جس میں ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔