Sunday, September 8, 2024

یوم سوگ پر لاہور کے تمام کاروباری مراکز ‘ تفریحی پارکس بند‘ پرچم سرنگوں

یوم سوگ پر لاہور کے تمام کاروباری مراکز ‘ تفریحی پارکس بند‘ پرچم سرنگوں
March 28, 2016
لاہور (92نیوز) سانحہ گلشن اقبال پارک کے باعث لاہور کی فضا سوگوار ہے۔ سفاری پارک، چڑیا گھر اور مارکیٹیں بند ہیں جبکہ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم بھی سرنگوں ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گلشن اقبال پارک میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کے بعد ہر انسان خون کے آنسو رو رہا ہے۔ شہر بھر کی فضا سوگوار ہے۔ المناک واقعہ کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا جس کے بعد تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔ انجمن تاجران پاکستان کے دونوں گروپوں کی جانب سے سانحہ کے سوگ میں مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا گیا جس کے بعد آج لاہور کی تمام بڑی مارکیٹیں جن میں اردو بازار، شاہ عالم مارکیٹ، اعظم کلاتھ مارکیٹ، برانڈرتھ روڈ، ہال روڈ، انارکلی، مون مارکیٹ، نقی مارکیٹ اور پینو راما سینٹر بند ہیں۔ انجمن تاجران پاکستان کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔