Thursday, April 25, 2024

یوم دفاع کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد

یوم دفاع کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد
September 6, 2018
کراچی (92 نیوز) یوم دفاع کے موقع پر مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم دفاع جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مزارقائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔  مزار قائد پر تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے حاضری دی۔ مزار قائد پر پھول چڑھائے اور سلامی دی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی کےایئروائس مارشل ندیم صابر کا کہنا تھا کہ آج بھی کسی نے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو منہ توڑ جواب دینگے۔ یوم دفاع کے سلسلے میں مسرور بیس پر بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ، بینڈ نے ملی نغموں کی دھنے پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ پاک فضائیہ کے میراج، ایف سولہ اور جے ایف ایٹین نے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔ ملیر کینٹ میں بھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں شہداء کے اہل خانہ معززین شہر مسلح افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یوم دفاع کے موقع پرمزار اقبال پر بھی گارڈٖز تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے مزار پر بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ میجر جنرل شاہد محمود نے میجر شبیر شریف کی ہمشیرہ اور ان کے صاحبزادے کے ہمراہ مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ یوم دفاع پاکستان ملک بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اسی مناسبت سے محتلف تقاریب بھی منعقد کی جارہی ہیں ۔