Friday, March 29, 2024

یوم دفاع پر ملک بھر میں دفاعی سازو سامان کی نمائش ، شہریوں کی بڑی تعداد دیکھنے امڈ آئی

یوم دفاع پر ملک بھر میں دفاعی سازو سامان کی نمائش ، شہریوں کی بڑی تعداد دیکھنے امڈ آئی
September 6, 2016
فیصل آباد(92نیوز)یومِ دفاع  پر ملک کے دیگرچھوٹے بڑے  شہروں   میں جہاں دفاعی  سامان کی  نمائشیں ہوئیں اوراسے دیکھنے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی وہیں چھ ستمبرکی مناسبت سے تقریبات میں طلبہ اور طالبات  نےٹیبلوزپیش کئے اور ملی  نغموں کے ذریعے وطن  سے اپنی  محبت کا اظہار کیا۔ تفصیلات کےمطابق یوم دفاع  پر دن کا  آغاز مساجد میں  ملک کے لئے خصوصی دعاؤں سے ہوا جس کے بعد  دفاقی دار الحکومت میں 31  اور صوبائی دار الحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی  دی گئی۔ شہداء ستمبر  کی یاد میں آرٹس کونسل فیصل آباد میں  تصویری  نمائش  ہوئی  جس میں نوجوان  نسل نے خصوصی   دلچسپی لی۔ سیا لکوٹ  کے پولوگراونڈ میں  جنگی ساز و  سامان کی  نمائش  ہوئی جسے دیکھنے   بچے  اور   خواتین  بڑی  تعداد میں آئے ۔ گوجرانوالہ میں  ہونے والی چھ ستمبر کی  تقریب میں  بچوں نے قومی  ترانہ  پڑھا اور   ٹیبلوز  پیش کئے ایوب اسٹیڈیم ملتان میں فوجی وسامان کی نمائش ہوئی  اس موقع پر  ملی نغموں اور  پریڈ نے سماں باندھ دیا۔ بہاولپور میں دفاعی  اسلحہ کی  نمائش کا افتتاح کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال نے کیا اس موقع پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے  فلائی مارچ پاسٹ کیا ۔ حیدرآبادگریژن میں لگی   فوجی نمائش میں شہریوں اور  طلبا  نے خصوصی  دلچسپی لی اور سیلفیاں بھی بنائیں پنوعاقل چھاؤنی سکھر میں لگی  نمائش میں   الخالد ٹینک اور اینٹی ائیر کرافٹ گن توجہ کا مرکز  رہے اس موقع پر  طلبا کا کہنا تھا  کہ دشمن کی  جانب سے  میلی نگاہ ڈالنے پر قوم کا  بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ہوگا ۔  کوئٹہ میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب عسکری پارک میں ہوئی جس میں   گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض  نے بھی شرکت کی،پاک فوج کے چاک وچوبند دستےنے  سلامی دی ۔   پشاور میں  بھی  یوم  دفاع جوش اور جذبے سے منایا  گیا ، کرنل شیرخان شہید اسٹیڈیم میں ہونے والی  تقریب میں   فوجی  بینڈز نے ملی نغموں اور جنگی ترانوں  سے  حاضرین کا جوش بڑھایا۔  اس موقع پر  روایتی رقص ، گھڑسواری ۔نیزہ بازی ۔  اور   پیراجمپنگ   کے مظاہرے بھی ہوئے   مظفر  آباد   میں بھی   یوم  دفاع کی  تقریب  ہوئی اس موقع پر صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان کی دفاعی فصیل  ہے۔