Saturday, April 20, 2024

یوم دفاع پر سرگودھا،چنیوٹ ، جھنگ اور میانوالی میں بھی تقریب کا اہتمام

یوم دفاع پر سرگودھا،چنیوٹ ، جھنگ اور میانوالی میں بھی تقریب کا اہتمام
September 6, 2018
سرگودھا( 92 نیوز) یوم دفاع کے موقع پر سرگودھا ، چنیوٹ،  جھنگ اور میانوالی میں بھی خصوصی تقاریب  کااہتمام کیا گیا، شرکاء نے شہداء وطن کے لیے دعائے مغفرت کی جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی بھی پیش کی ۔ شاہینوں کے شہر سرگودھا میں یوم دفاع پاکستان کا آغاز جناح ہال میں ہلال استقلال لہرا کر کیا گیا، تقریب میں ایئر کموڈور غضنفر لطیف،  کمشنر ظفر اقبال اور میئر ملک اسلم نوید نےخصوصی شرکت کی۔ سرگودھا گریژن میں منعقدہ یوم دفاع کی مرکزی تقریب میں گریژن کمانڈر میجر جنرل سرفراز محمد نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گریژن کمانڈر میجر جنرل سرفراز محمد کا کہنا تھاکہ پاک فوج دشمن کےمزموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہے۔ چنیوٹ کے سرکاری کالج میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم دفاع کی پروقارتقریب منعقد کی گئی جس میں ضلعی افسران، شہدا کے اہلخانہ اورپاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل ذہانت حسین نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ کیڈٹ کالج جھنگ میں بھی یوم دفاع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی اور یادگار پر پھول چڑھائے۔ میانوالی میں پاک آرمی کے دستے نے شہید میجر جنرل ثناء اللہ نیازی کی قبر پر حاضری دی، میجر جواد کی قیادت میں چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور آرمی چیف کیطرف سے میجر جنرل ثناء اللہ نیازی شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔