Wednesday, April 24, 2024

یوم دفاع پر تربت میں شایان شان تقریبات

یوم دفاع پر تربت میں شایان شان تقریبات
September 7, 2020

تربت ( 92 نیوز) یوم دفاع پر شہر شہر حب الوطنی کا امین بن گیا ، بلوچستان کے علاقے تربت  میں شایان شان تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ شہریوں کی بڑی تعداد ارض پاک سے محبت اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلیے موجود تھی ، دن کا آغاز میجر جمال شیران شہید کی قبر پر سلامی سے ہوا ،شہریوں نے شہدا کے اہلخانہ پر گل پاشی کرکے پرتپاک استقبال کیا۔

ہمارے شہدا، ہماری شان، پاکستان کے دفاع کےلیے اپنی جان قربان کرنے والے قومی ہیروز کو سلام ، یوم دفاع پر ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح بلوچستان کے ضلع کیچ کے صدر مقام تربت میں یادگار تقریبات کا انعقاد کیا گیا،دن کا آغاز میجر جمال شیران شہید کی قبر پر سلامی سے ہوا۔

پروقار تقریب میں اعلیٰ سول ، پولیس ایف سی اور فوجی حکام  سمیت  میڈیا نے شرکت کی ۔ عوام کے جم غفیر نے شہید کیلئے لازوال محبت نچھاور کی، ایف سی بلوچستان کے سیکٹر کمانڈر سائوتھ بریگیڈیئر عبداللہ نے شہید کی قبر پر سلامی کے بعد پھول چڑھائے۔

یومِ دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب ہیڈکوارٹرزایف سی بلوچستان سائوتھ میں کھلے میدان میں منعقد ہوئی، شاندار اور فقید المثال تقریب کو مقامی ایم پی اے اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ نے رونق بخشی۔

تقریب میں لیویز فورس ، پولیس ، ایف سی اور پاک فوج کے 36 شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی ، ہر شعبہ زندگی سے سینکڑوں افراد نے دفاع وطن کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

تقریب میں نوجوانوں اور بچوں کا جوش و خروش اور جذبہ حب الوطنی دیدنی تھا، شہدا کے لواحقین کے انٹرویوز اور ملی نغموں کیساتھ بچوں نے پرجوش اور ولولہ انگیز تقاریر کیں ، مقامی سکولوں کے ہونہار بچے اور بچیوں نے ٹیبلوز بھی پیش کئے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان سائوتھ بریگیڈیئر ریحان نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ کی، تقریب کے اختتام پر شہدا کے لواحقین کے اعزاز میں عشائیہ کے اہتمام کیا گیا ،تحائف بھی دیئے گئے۔