Friday, April 26, 2024

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر جامعہ این ای ڈی کراچی میں ریلی کا انعقاد

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر جامعہ این ای ڈی کراچی میں ریلی کا انعقاد
September 6, 2018
کراچی ( 92 نیوز) مک بھر میں یوم دفاع و شہدا پاکستان بھرپور انداز میں منایا گیا ،1965 کی جنگ سمیت ملک پر جان نچھاور کرنے والے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے  شہر شہر تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ۔ یومِ دفاعِ اوریومِ شہدائے پاکستان کے موقع پر جامعہ این ای ڈی کے کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ‏جامعہ کے ترجمان کے مطابق شہدائے راہ حق کی قربانیوں کو داد و خراج پیش ‏کرنے کے لیے این ای ڈی یونی ورسٹی سے سفاری پارک تک یکجہتی ریلی ‏نکالی گئی۔ جامعہ کے زیرِ اہتمام اس یکجہتی ریلی کی قیادت سینئر ڈین فیکلٹی ‏سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹرمیر شبر علی، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ ‏کمپیوٹر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعد زقاضی، رجسٹرار سید غضنفر حسین، ‏ڈائریکٹرسروسزانجینئروصی الدین، ڈی آئی جی موٹر وے پولیس محمدسلیم ، ایس ‏ایس پی ملیر شیرازنذیر عباسی، کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈیپارٹمنٹ علی حسن ‏محمود ، ڈپٹی رجسٹرار خالد مخدوم ہاشمی نے سنبھالی۔ بہادری اور جان فروشی کی ‏داستانیں رقم کرنے والوں کوخراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جامعہ این ‏ای ڈی کی فیکلٹی ، طالب علموں اور اسٹاف سمیت پولیس کے عہدیداران ‏نے بڑی تعداد میں ریلی میں حصّہ لیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی موٹروے پولیس محمد سلیم ‏کا کہنا تھاکہ ملک و قوم کی سلامتی ابتدا ہی سے مضبوط ہاتھوں میں رہی ہے، ‏یہی وجہ ہے کہ آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے ‏مزید کہا کہ ناصرف شہدا کی قربا نیاں لازوال ہیں بلکہ ان کے گھرانوں کا صبر ‏بھی قابلِ آفرین ہے۔ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر عباسی نے یومِ دفاع اور ‏شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے ‏وہ قوم کی حیات ہے۔