Friday, April 19, 2024

یوم تاسیس کیخلاف اشتہار بازی‘ پی ٹی آئی نے پرویزرشید کو نوٹس بھجوا دیا

یوم تاسیس کیخلاف اشتہار بازی‘ پی ٹی آئی نے پرویزرشید کو نوٹس بھجوا دیا
April 27, 2016
لاہور (92نیوز) وزارت اطلاعات کو تحریک انصاف کے یوم تاسیس کےخلاف اشتہار مہنگے پڑ گئے۔ پی ٹی آئی نے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ نوٹس کی کاپی نائنٹی ٹو نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو قانونی نوٹس بھجوایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 24 اپریل 2016ءکو اسلام آباد میں پارٹی کا یوم تاسیس منایا گیا جس میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور دیگر مرکزی قائدین نے خطاب کیا۔ ملک کا آئین اور قانون ہر سیاسی پارٹی کو یہ استحقاق دیتا ہے۔ نوٹس میں وزرات اطلاعات کو اس آئینی و قانونی حق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزارت اطلاعات کی طرف سے پی ٹی آئی اور اس کے قائدین کے خلاف مختلف ٹی وی چینلز پر اشتہارات چلائے گئے جن کا مواد جھوٹ پر مبنی تھا۔ اس اقدام سے تحریک انصاف کے قائدین کی کردارکشی ہوئی۔ نوٹس میں وفاقی وزیر پرویز رشید سے اس بات کا جواب مانگا گیا ہے کہ جھوٹ پر مبنی ان اشتہارات کو چلانے کے لیے فنڈز کہاں سے آئے؟ اور اگر ان اشتہارات کی ادائیگی حکومتی خزانہ سے ہوئی ہے تو یہ غیرقانونی ہے۔ پرویز رشید فوری طور پر اس کا جواب دیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ تحریک انصاف کی جانب سے نوٹس بیرسٹر سلمان حامد آفریدی نے بھجوایا ہے۔