Friday, April 26, 2024

یوم تاسیس پر خواتین سے بدتمیزی‘ پی ٹی آئی کی چار رکنی کمیٹی تحقیقات کریگی

یوم تاسیس پر خواتین سے بدتمیزی‘ پی ٹی آئی کی چار رکنی کمیٹی تحقیقات کریگی
April 26, 2016
اسلام آباد (92نیوز) یوم تاسیس کی تقریب میں شریک خواتین سے بدتمیزی کیوں کی گئی؟ تحریک انصاف کی رہنما عظمیٰ کاردار نے معاملہ عمران خان کے سامنے اٹھا دیا۔ عظمیٰ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو خط بھی لکھ دیا۔ عمران خان نے معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔ نعیم الحق کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی رہنما عظمیٰ کاردار نے ایف نائن پارک میں یوم تاسیس کی تقریب میں خواتین سے بدتمیزی کے معاملے پر عمران خان کو خط ارسال کردیا۔ خط میں عمران خان کو شکایت کی گئی ہے کہ جشن تقریب میں ہلڑ بازی کے دوران خواتین سے بدسلوکی کی گئی جو باعث ندامت ہے۔ عظمیٰ کاردار نے پی ٹی آئی کی خواتین کا حوالہ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ خواتین تحریک انصاف کے جلسوں میں فیملی کی طرح شرکت کرتی ہیں مگر ایف نائن میں ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جس پر سب کو تشویش ہے۔ عظمیٰ کاردارنے تحریک انصاف کے ڈی چوک والے دھرنے میں 126 دن تک شرکت کی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے عظمیٰ کاردار کے خط کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ نعیم الحق کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ عمران خان نے کمیٹی کو وڈیوکلپس، ٹی وی رپورٹس اور سی سی ٹی وی وڈیو ریکارڈ دیکھ کر رپورٹ دینے کی ہدایت دے دی۔