Sunday, September 8, 2024

یوم بحریہ : پی این ایس قاسم منوڑہ پرپاک بحریہ کی چار جہتی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

یوم بحریہ : پی این ایس قاسم منوڑہ پرپاک بحریہ کی چار جہتی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ
September 8, 2017

کراچی (92 نیوز) جنگ ستمبر1965 میںاپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف پاک بحریہ کے شاندار کارناموں کے اعتراف میں ہر سال 8 ستمبر کو یوم بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ دوارکا پر پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کا جرات مندانہ حملہ اور پاکستان نیوی کی آبدوز غازی کی ہندوستان کے پانیوں میں موجودگی کے خوف سے بھارتی بحری بیڑے کا کھلے سمندر میں نکلنے سے گریز اس دن کی اہم یاد داشتیں ہیں۔

یوم دفاع پاکستان کو روایتی جوش و جذبے سے منانے اور شہداءاور غازیوں کی قربانیوں اور جرات و بہادری کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاک بحریہ نے پی این ایس قاسم منوڑہ پرپاک بحریہ کی چار جہتی صلاحیتوں اور اثاثوں کا ایک شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ گورنر سندھ محمد زبیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا ءاللہ بھی تقریب میں موجود تھے۔

پاک بحریہ کے اثاثوں اور اور صلاحیتوں کے اس خصوصی مظاہرے میں پاک بحریہ کے جہازوں اور ہیلی کاپٹرز کا فلائی پاسٹ، پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز کی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی مشقیں،پیرا جمپ، فراگ مین اٹیک،ویسل بورڈ سرچ اینڈ سیزر آپریشن اور فاسٹ بوٹ ریکوری کی مشقوں کے مظاہرے شامل تھے۔ پاک بحریہ کی اسپیشل آپریشن فورسز پاک میرینز اور اسپیشل   سروس گروپ نیوی کے اہلکاروں نے بیچ اسالٹ(Beach Assault) کی مشقوں کا بھی مظاہرہ کیا۔ان مشقوں کے علاوہ پاک بحریہ کے فریگیٹ، آبدوز اور میزائل بوٹس بھی مظاہرے کا حصہ تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے فخر و انبساط سے65 کی جنگ میں پاک بحریہ کے شاندار کارناموں کا ذکر کیا اور آج کی مشقوں کے دوران پاک بحریہ کی جانب سے جن صلاحیتوں اورقابلیت کا مظاہرہ کیا گیا ان کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ملک کی دفاعی ضروریات کے تناظر میں پاک بحریہ کی ترقی اور استحکام کیلیئے ہر ممکن کوشاں ہے ۔اور وہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے اس کی تمام ضروریات کو پورا کرے گی ۔

پاک بحریہ کی صلاحیتوں اور اثاثوں کے اس شاندار مظاہرے کی تقریب میں سول اور ملٹری معززین او ر جنگی ہیروز کے علاوہ شہداءکے لواحقین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔