Thursday, March 28, 2024

یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
September 8, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) وطن عزیز کی بحری سرحدوں کی محافظ پاکستان نیوی کو سلام۔ یوم بحریہ آج منایا جارہا ہے۔

’’آپریشن دوارکا ‘‘ تاریخ کے اوراق پر لکھی گئی جرأت، بہادری اور سرفروشی کی ایک ایسی داستان جو رہتی دنیا تک پاک بحریہ کا وقار بڑھاتی رہے گی۔ 1965ء کی جنگ میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پاک نیوی نے غیرمعمولی جنگی صلاحیت کا مظاہرہ  کیا تھا۔

پاک بحریہ ایک خاموش دفاعی قوت ہے ، ہمارے بحری محافظ ساحلوں سے دور سمندروں کی سطح اور گہرائی میں یہ اپنا مشن جاری رکھتے ہیں، 6 ستمبر1965 کو طبل جنگ بج چکا تھا،7 ستمبر کو اپنے ساحل کے دفاع کیلئے جنگی جہاز حفاظتی گشت پر مامور تھے کہ اس دوران نیول ہیڈکوارٹرز کی جانب ایک پیغام موصول ہوا جس میں ہدایت کی گئی کہ جتنی تیزی سے ممکن ہو جنوبی دوارکا سے مغرب میں 120 میل کی طرف بڑھیں اور شام تک پوزیشن سنبھال لیں۔

اس حساس ترین آپریشن کو پاک بحریہ نے کسی بھی جنگی ہوائی جہاز کے امداد کے بغیر پورا کرنا تھا۔ وقت ضائع کیے بغیر پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز چھے اور سات ستمبر کی درمیانی شب اپنے مشن پر روانہ ہوئے ۔ پاکستانی آبدوز غازی کو بھارتی پانیوں میں اگلے مقام پر تعینات کردیا گیا تاکہ حملے کے ردعمل میں نکلنے والے بھارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنا سکے۔

رات کی تاریکی میں جب سمندر میں ہر جانب سکوت تھا۔ ایسے میں پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز پی این ایس بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، عالمگیر، شاہ جہاں اور ٹیپو سلطان نے بھارت کی جانب رخت سفر باندھا۔ رات ٹھیک گیارہ بجے بھارتی بحریہ کے جنگی بحری جہاز آئی این ایس تلوار کی سمندر میں موجودگی کی نشان دہی ہوئی۔

 ایک کے بعد ایک قطاردرقطار سمندر کے سینے پر پہاڑوں کی مانند کھڑے پاکستانی بحری جہازوں نے بھارتی ترنگے کے حامل بحری جہاز پر کچھ ایسی ہیبت طاری کی کہ اس نے پسپا ہونے میں ہی عافیت سمجھی۔

تمام پاکستانی بحری جنگی جہاز دوارکا کے اتنے قریب پہنچ گئے تھے کہ پورا شہر ان کی توپوں کے گولوں کی زد پر تھا۔ بارہ بج کر چھبیس منٹ پر فائر کا حکم ملا اور ساتوں جہازوں کی توپیں آگ اگلنے لگیں۔ پاک بحریہ کے جنگی بحری جہازوں کے توپوں کے دہانوں پر سب سے پہلے بھارتی ہائی فریکونسی ڈائریکشن ریڈار آیا جس کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

پاک بحریہ کے شیردل جوانوں کا اگلا نشانہ بنے بھارتی نیول ایئراسٹیشن اور لائٹ ہاؤس۔ آپریشن دوارکا میں پاکستانی سرفروشوں نے دشمن ملک کی سمندری حدود میں ڈیڑھ سوکلومیٹر اندر گھس کر انھیں پے درپے حملوں کا نشانہ بنایا۔ گولے عین ریڈاراسٹیشن کے احاطے میں گرے، جس کے باعث ریڈار اسٹیشن مکمل طور پر تباہ ہوچکا تھا اور ڈیوٹی پر موجود دو افسران اور تیرہ دیگر اہل کار ہلاک ہوئے۔ دوارکا میں موجود ہوائی اڈے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

ریڈاراسٹیشن اور ہوائی اڈا تباہ ہونے کے بعد بھارتی ہوائی حملے یک لخت رک گئے۔ دوسری طرف آپریشن مکمل ہوچکا تھا۔ دوارکا میں بھارتی تنصیبات کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی تھی۔ پاکستان کے تمام بحری جہازوں نے ارض پاک کی جانب واپسی کا رخت سفر باندھا۔ اس تمام آپریشن میں سیکڑوں میل دور پاک بحریہ کے سرفروشوں نے ان ہونی کو ہونی بنا دیا۔

یوم بحریہ کے موقع پر خصوصی ویڈیوز بھی جاری کر دی گئی۔ نیول چیف ایڈمرل محمد امجدخان نے اپنے پیغام میں کہا آج کا دن سرفروشوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔