Monday, May 13, 2024

یوم استحصال کے حوالے سے پنجاب حکومت کے زیر اہتمام ریلی

یوم استحصال کے حوالے سے پنجاب حکومت   کے زیر اہتمام ریلی
August 5, 2020

لاہور ( 92 نیوز) یوم استحصال کے حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی اور سائرن بجا کر ٹریفک بھی روک دی گئی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لاہور سمیت تمام ڈویژنز میں ایک روڈ کو سری نگر کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔

میرے وطن تیری جنت میں آئیں گے اک دن

ستم شعاروں سے تجھ کو چھڑائیں گے اک دن

یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ساری قوم یک جان،ہر ایک کی زبان پر ایک ہی نام،کشمیر بنے گا پاکستان ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے گورنر ہاؤس سے چیئرنگ کراس تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وزیر اعلیٰ اور گورنر نے کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم کشمیریوں کو نہیں بھولے،ہر ڈویژن میں ایک روڈ کو سری نگر سے منسوب کریں گے۔

گورنر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ پچھلے ایک سال میں عمران خان نے بھر پور انداز سے کشمیر کا مقدمہ لڑا ، وزیر اعظم کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام اور مودی کے مظالم کو منظر عام پر لے کر آئے۔

مال روڈ پر ریلی میں فنکار اور گلوکار برادری نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی اور کشمیر کے حق میں نعرے لگائے ۔

صوبائی وزراء،ایم پی ایز،آئی جی پنجاب سمیت سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل،ریسلر انعام بٹ اور دیگر نے شرکت کی ۔