Friday, April 19, 2024

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح پارلیمنٹ کے سامنے بڑی ریلی

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح پارلیمنٹ کے سامنے بڑی ریلی
August 5, 2021 ویب ڈیسک

اسلام اباد (92 نیوز) یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح پارلیمنٹ کے سامنے بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں صدر مملکت اور وفاقی وزرا کی شرکت ہوئی۔

اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر دفتر خارجہ سے  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور، وزیر اطلاعات فواد چوہدری ، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سمیت وفاقی کابینہ اراکین نے ریلی میں شرکت کی۔

شرکا نے پارلیمنٹ کے سامنے پہنچ کر شدید احتجاج کیا۔ شرکاء نے پانچ اگست کے بھارتی اقدامات کے خلاف بینرز اٹھا رکھے ۔ مظاہرین کے بلند بانگ نعرے سے اسلام آباد کے فضا گونج اٹھی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ریلی کی قیادت کے دوران میڈیا گفتگو میں کہا کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ یوم استحصال منانے کا مقصد کشمیریوں سے اظہاریکجہتی اور یہ بتانا ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔

وزیراطلاعات فواد چودھری بولے ہمارے لئے کشمیر ہماری جانوں سے بھی زیادہ اہم ہے۔ کشمیریوں کی آزادی کے لیے ہر پاکستانی اپنی آخری سانس تک لڑے گا۔

صدر ڈاکٹرعارف علوی نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے بھارت کو باربار مذاکرات کی پیشکش کی  تاہم اب پاکستان کا بیانیہ ہے کہ مقبوضہ کشمیرکے غیرقانونی اقدامات کی واپسی تک اس سے  کوئی بات نہیں ہو گی۔

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر نو بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی کے لئے دعا بھی کرائی گئی۔