Monday, May 13, 2024

یوم استحصال کشمیر آج منایا جا رہاہے

یوم استحصال کشمیر آج منایا جا رہاہے
August 5, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) آج ملک بھر میں  یوم استحصال کشمیر  منایا جا رہا ہے ، دس بجے ایک منٹ کی خاموشی کی گئی ، ٹریفک بھی رکی رہی ۔

ملک بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جارہا ہے ، دس بجتے ہی ایک منٹ کی خاموشی کی گئی ،  ٹریفک بھی  رکی رہی  ۔  کشمیر پر غیرقانونی بھارتی قبضے کےخلاف اسلام آباد میں مرکزی ریلی  نکالی جا رہی ہے  جس میں   وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی شریک ہے ۔ شرکاء نے کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے ہیں۔

 ملک کے چپے چپے میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں ، اسلام آبادمیں گلوب چوک سے ڈی چوک تک مزاحمتی واک کی گئی۔صدر مملکت عارف علوی،  وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزرا،معاونین خصوصی سمیت اپوزیشن رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکا نےمختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو ہٹانے کی اپیلیں درج تھیں ،واک کا آغاز گلوب چوک سے ہوا، شرکا شاہراہ دستور سے ہوتے ہوئے وزارت خارجہ پہنچے جہاں واک کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی۔

واک میں وفاقی وزیربرائے امور کشمیرعلی امین گنڈاپور، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف بھی شریک ہوئے  ۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ سے صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، کشمیرکمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی، سینیٹر فیصل جاویدارکان پارلیمنٹ  واک کا حصہ بنے۔

صدرمملکت عارف علوی نے وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے ڈی چوک تک مزاحمتی واک کی قیادت کی۔ دوران واک سائرن بجائے گئے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

 زمین پر  جنت کا ٹکرا کہلانے والا  کشمیر   ظالم اور جابر بھارت کے غیر قانونی قبضے میں آکر لہو لہو  ہو گیا ہے ، پانچ اگست دوہزار انیس کو فاشسٹ مودی نے اپنے گھناؤنے اقدام کے باعث پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو فلیش پوائنٹ بنا دیا۔

آرٹیکل 370اور 35 اے کے غیر قانونی اقدام سے وادی کی حیثیت تبدیل کرنے کی مذموم اور گھناؤنی کوشش کی گئی  مگر سلام ان بہادر کشمیریوں پر جنہوں نے جبر کے تمام ہتھکنڈے مسترد کر دیے۔

ادھر پاکستان نے  جموں و کشمیر پاکستان کے نقشے کا حصہ بنا دیا گیا ،  پاکستان کا حتمی پولیٹیکل نقشہ جاری کردیا گیا ۔ آزاد اور مقبوضہ کشمیر، لداخ، جموں، گلگت بلتستان اور فاٹا شامل ہیں، وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں نقشہ منزل کےحصول کیلئے پہلا قدم ہے، مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں،جب تک زندہ ہیں،کشمیر کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔

کشمیریوں کے سفیر وزیراعظم عمران خان نے تاریخی موقع پر خطاب میں کہا کہ  نقشہ پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ کابینہ، تمام اپوزیشن اور کشمیری لیڈرشپ نے نقشے کی تائید کی ہے۔ آج سے سارے پاکستان میں یہ آفیشل نقشہ ہوگا۔