Saturday, April 20, 2024

یوم استحصال پر آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

یوم استحصال پر آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں
August 5, 2020

مظفر آباد ( 92 نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر کی غیر آئینی طور پر حیثیت بدلنے کا ایک سال مکمل ہوگیا، یوم استحصال  پر مودی سرکار کے غیر قانونی اقدام کیخلاف آزاد کشمیر بھر میں مظاہرے کئے گئے ۔ میرپور، کوٹلی میں بھی ریلیاں نکالی گئیں ، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرمشن میں یاداشت پیش کی۔

’’یوم استحصال‘‘پر آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ،  صبح 10 بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کی سربراہی میں سیاسی قیادت نے اقوام متحدہ مبصر مشن تک احتجاجی ریلی نکالی اور اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو احتجاجی قرارداد پیش کی۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارت جبر ظلم کے تحت کشمیری عوام کو نہیں دبا سکتا  ، پاکستان مسئلہ کشمیر کی بھر پور نمائندگی کے ساتھ اب جارحانہ پالیسی اختیار کرے ۔

مظفرآباد میں بھی منقسم کشمیری خاندانوں نے بھارت کے خلاف ریلی نکالی، جس میں شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

شرکاء نے کہا کہ کشمیری کسی بھی قیمت پر بھارت سے آزادی حاصل کر کے دم لیں گے ، ریلی میں شریک نوجوانوں نے ہاتھوں میں زنجیریں پہن رکھی تھی ۔

میرپور آزاد کشمیر میں بھمبر، برنالہ ،ڈڈیال، چکسواری، اسلام گڑھ  میں بھی ریلیاں نکالی گئیں ،وکلاء نے کچہری سے چوک شہیداں تک ریلی نکالی ، سیاہ پرچم آٹھائے وکلاء آزادی کے نعرے لگاتے رہے ۔

کوٹلی  میں بھی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر  اعظم کی قیادت میں  ریلی شہر کا چکر کاٹتی ہوئی کچہری پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔