Sunday, September 8, 2024

یوم آزادی،چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں تقریبات،پرچم کشائی

یوم آزادی،چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں تقریبات،پرچم کشائی
August 14, 2017

لاہور(92نیوز)یوم آزادی کے موقع پرچاروں صوبائی دارالحکومتوں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔ پرچم کشائی کی گئی چاروں وزرائے اعلیٰ کی جانب سے پیغامات بھی جاری کیے گئےجبکہ کراچی میں ڈی جی رینجرز نے مزار قائد پر حاضری بھی دی۔

تفصیلات کےمطابق یوم آزادی کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے بڑی تقریب مزاراقبال پر ہوئی ، وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف مزار اقبال پر پہنچےپھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے جس کے بعد شاہی قلعہ  میں پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا  تھا کہ شہدا کی روحیں منتظر ہیں کہ ملک کب اقبال اور قائد کا پاکستان بنے گا۔ پشاورمیں یوم آزادی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب میں وزیراعلٰیٰ پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ ہمیں غلامی سے نجات حاصل کرنا ہوگی اور قائد کا خواب پورا کرنا ہوگا فضاء میں غبارے اورکبوترچھوڑے گئے قومی ترانہ پیش کیا گیاجبکہ فرنٹیئرکانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز میں بھی یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریب ہوئی۔

کراچی میں یوم آزادی کے حوالے سے سب سے بڑی تقریب مزار قائد پر ہوئی ۔ جہاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ محمد زبیر نے حاضری دی  اور پرچم کشائی کی  ۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی  اور ملک کی ترقی ، سلامتی کی دعا کی ۔ بلوچستان اسمبلی میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب ہوئی جس  کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری تھےجبکہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل  عامر ریاض  سمیت دیگر اعلی سول و عسکری حکام سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، وزیر اعلی بلوچستان نے پرچم کشائی کر کے تقریب کا باقاعدہ آغازکیا۔