Wednesday, April 24, 2024

یوسف گیلانی کی نااہلی سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

یوسف گیلانی کی نااہلی سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر
March 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) یوسف رضا گیلانی کی نااہلی بنتی ہے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردیں ۔ پانچ رکنی بینچ 22 مارچ کو نااہلی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ اُدھر یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں مسترد ووٹوں کی کاپی حاصل کرنے کیلئے عدالت سے رجوع کا فیصلہ بھی کرلیا۔

سینیٹ الیکشن ویڈیو اسکینڈل میں نااہلی ہوگی۔ یا سابق وزیراعظم کیخلاف درخواستیں خارج ہوجائیں گی؟۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی پی رہنما کیخلاف نااہلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب۔ کنول شوزب کی درخواست پر بائیس مارچ کو سماعت کرے گا۔

پی ٹی آئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ علی حیدر گیلانی نے والد کو سینیٹ انتخابات میں فائدہ پہنچانے کیلئے اراکین کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ سمجھایا جس کی ویڈیو منظرعام پر آچکی۔الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی کو نااہل کرے۔

دوسری جانب سیکرٹری سینیٹ کے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں مسترد ووٹوں کی کاپیاں نہ دینے پر پیپلزپارٹی نے حکمت عملی تبدیل کرلی۔۔
پیپلزپارٹی نے مسترد شدہ ووٹ کا ریکارڈ لینے کے لئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق یوسف رضاگیلانی کو قانونی ٹیم نے عدالت سےریکارڈ لینے کا مشورہ دیا۔