Friday, April 19, 2024

یوسف ٹھیلے والا سے واقف نہیں ، فاروق ستار

یوسف ٹھیلے والا سے واقف نہیں ، فاروق ستار
November 21, 2019
کراچی (92 نیوز) سابق سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کا کہناہے کہ ہزاروں لاکھوں کارکنوں کا نائن زیرو پر آنے کا سلسلہ رہتا تھا ، یوسف ٹھیلے والا  کے نام سے نہ واقف ہوں اور نہ ہی اس سے کبھی ملا۔ 92 نیوز کے پروگرام  نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزاروں لاکھوں کارکنوں کا نائن زیرو پر آنے کا سلسلہ رہتا تھا،نائن زیرو مرکز کے معاملات میں نے کبھی نہیں دیکھے،کون آئے گا، کہاں رہے گا اس حوالے سے میرا کردار کبھی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہروں میں اس وقت سیاسی خلاء ہے جسے پی ٹی آئی بھی پر نہیں کرسکی، اس خلاء کو پر کرنے کے لیے سلجھے ہوئے سمجھدار لوگوں اور نوجوانوں کی ٹیم کی ضرورت ہے جس پر میں کام کررہا ہوں۔ فاروق ستار نے کہا کہ میں بہت سے لوگوں کے لیے مستقل چیلنج بن کر کھڑا ہوا ہوں، سندھ میں کتوں کی بھرمار ہے،ابھی تک یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ انہیں مارنا چاہئے یا نہیں،کراچی میں کچرا بھرا پڑا ہے،کراچی کے حالات کی ذمہ داری پی ٹی آئی پیپلزپارٹی پر ڈالتی ہے اور پیپلزپارٹی تحریک انصاف پرذمہ داری ڈالتی ہے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم دو مزے لے رہی ہے، وفاق میں بھی ہے اور صوبائی حکومت میں بھی ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے بہت سے اہم رہنماؤں کے میرے ساتھ رابطے ہیں، میں کراچی اور ایم کیو ایم کو بچانے کے لیے بہترین لوگوں کی ٹیم بنا رہا ہوں۔ فاروق ستار نے کہا کہ  مصطفیٰ کمال نے نئی پارٹی بنا کر انتخابات میں حصہ لیا اور ان کا حال ایم کیو ایم سے بھی برا ہوا۔