Wednesday, April 24, 2024

الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن روکنے کی تحریک انصاف کی استدعا مسترد کردی

الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن روکنے کی تحریک انصاف کی استدعا مسترد کردی
March 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز)علی حیدر گیلانی کی وڈیو میں نہ پیسوں کا ذکر ہے اور نہ ہی ٹکٹ دینے کا، الیکشن کمیشن نے یوسف رضاء گیلانی کا نوٹیفکیشن روکنے کی تحریک انصاف کی استدعا مسترد کردی۔

الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی درخواست کی سماعت، ممبر پنجاب، الطاف قریشی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن شفاف ہوتے تو حفیظ شیخ بڑے مارجن سے جیت جاتے، لوگوں کو پیسے اور آئندہ الیکشن میں ٹکٹ کا لالچ دیا گیا، علی حیدر گیلانی کے خلاف اسٹنگ آپریشن میں دو ایم این ایز کیپٹن (ر) جمیل اور فہیم سے گفتگو ریکارڈ کی گئی۔ سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کی آڈیو ٹیپ اور مریم نواز کی ویڈیو بھی الیکشن کمیشن میں چلائی گئی۔

ممبر پنجاب الطاف قریشی نے کہا کہ جن 16 لوگوں کی بات ہو رہی، ان کے نام کمیشن کو دیں،مواد کے ساتھ متعلقہ افراد کو فریق بنائیں، ویڈیو میں نا پیسوں کا ذکر ہے نہ ہی ٹکٹ دینے کا، جنہیں پیسے کی آفر ہوئی اُن کے بیان حلفی آ جاتے تو بھی کچھ ہو جاتا۔ کارروائی کرنا چاہتے ہیں لیکن شواہد ٹھوس چاہیں۔

الیکشن کمیشن نے درخواست ترمیم کرنے کی ہدایت کی۔جس پر تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ وہ ویڈیو میں موجود لوگوں کو فریق بنا کر کل ترمیم شدہ درخواست بیان حلفی کے ہمراہ جمع کرائیں گے، جس پر سماعت بدھ تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا ٹاک میں پی ٹی کے فرخ حبیب اور ملیکہ بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیں عبوری ریلیف دے اور یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکے۔

پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب کا کہنا تھا کہ سینٹ الیکشن میں ووٹ خریدنے کے لیے سندھ کا بجٹ استعمال کیا گیا۔