Friday, March 29, 2024

یوسف رضا گیلانی کا مغوی بیٹا تین برس بعد افغانستان سے بحفاظت بازیاب

یوسف رضا گیلانی کا مغوی بیٹا تین برس بعد افغانستان سے بحفاظت بازیاب
May 10, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا بیٹا علی حیدر گیلانی تین سال بعد افغانستان سے بازیاب۔ دفترخارجہ کی سابق وزیراعظم کے بیٹے کی رہائی کی تصدیق۔ بلاول بھٹوزرداری کی یوسف رضاگیلانی سے ملاقات‘ بیٹے کی رہائی پر مبارکباد دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو بازیاب کرا لیا گیا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی خبر ٹویٹ کے ذریعے دی جبکہ باغ جلسہ کیلئے روانہ ہونے سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی یوسف رضاگیلانی سے ملاقات ہوئی۔ یوسف رضا گیلانی نے پارٹی کے چیئرمین کو علی حیدرگیلانی کی بازیابی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کا سن کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ دوسری جانب دفتر خارجہ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی رہائی کی تصدیق کر دی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ علی حید ر گیلانی کو افغانستان اور امریکہ کی جانب سے مشترکہ آپریشن کر کے بازیاب کرایا گیا۔ اس معاملے پر کابل میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ افغان حکام سے رابطہ میں ہے۔ علی حیدر گیلانی کا طبی معائنہ کیا جارہا ہے جس کے بعد انہیں پاکستان بھجوایا جائے گا۔ ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں افغان سفارتخانے سے بھی رابطہ کرلیا۔ اسلام آبادمیں افغان سفارتخانے سے تفصیلی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ افغان سفیر نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ افغان قومی سلامتی کے مشیر نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو ٹیلی فون کرکے علی حید ر گیلانی کی رہائی کی اطلاع دی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔