Thursday, April 25, 2024

یورپی یونین برطانیہ کو بریگزٹ سے انخلا میں توسیع دینے پر رضامند

یورپی یونین برطانیہ کو بریگزٹ سے انخلا میں توسیع دینے پر رضامند
October 28, 2019
برسلز(92 نیوز) برطانیہ کو مزید وقت مل گیا، یورپی یونین نے بریگزٹ کو اکتیس جنوری تک توسیع دینے پر رضامندی ظاہر کردی، برطانیہ میں آج نئے الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوسکتا ہے۔ یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے اہم ٹویٹ کیا، لکھتے ہیں برطانیہ کی انخلا میں توسیع کی درخواست مان لی گئی ہے، بریگزٹ کیلئے اب اکتیس جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، اس حوالے سے حتمی تحریری فیصلہ بھی جلد جاری کردیا جائے گا۔ برطانیہ کو مزید مہلت دینے کا فیصلہ یورپی یونین کے سفارتکاروں کے برسلز میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، اگر برطانیہ چاہے تو وہ اکتیس جنوری سے قبل بھی الگ ہوسکتا ہے، اسی وجہ سے اسے لچکدار توسیع یعنی فلیکس ٹینشن کا نام دیا گیا ہے۔ ادھر برطانوی پارلیمنٹ کا آج اہم سیشن ہورہا ہے، جس میں نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جاسکتا ہے، وزیراعظم بورس جانسن بارہ دسمبر کو قبل از وقت انتخابات کے خواہشمند ہیں، جس کیلئے انہیں پارلیمنٹ سے دو تہائی ووٹوں کی ضرورت ہے، تاہم اپوزیشن لیبر پارٹی اس کی مخالفت کا اعلان کرچکی ہے۔