Friday, April 19, 2024

یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے تمام رکن ممالک سے پاکستانی پائلٹوں کی تفصیلات مانگ لیں

یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے تمام رکن ممالک سے پاکستانی پائلٹوں کی تفصیلات مانگ لیں
July 8, 2020

برلن ( 92 نیوز) یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے اپنے تمام رکن ممالک سے پاکستانی پائلٹوں کی تفصیلات مانگ لیں اور پاکستانی لائسنس یافتہ پائلٹوں کو  کام کرنے سے روکنے کا حکم  دےدیا جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قومی ائیرلائن کے 34 پائلٹوں کے لائسنس معطل کر دیے۔

قومی  ائیرلائن کے پائلٹس کے جعلی لائسنس کا شور دنیا بھر میں جاری ہے ، یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے  پاکستانی پائلٹوں کو کام کرنے سے روکنے کے لیئے اپنے تمام رکن ممالک کو خط کے ذریعے  سفارش کردی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے کی جانب سے چالیس فیصد لائسنس کے اجراء میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا  ہے،ہوا بازی کی صنعت  میں اس قسم کی صورتحال تشویش کا باعث ہے۔

خط میں  یورپین یونین ایجنسی نے  رکن ممالک کو  سنجید گی کا مظاہر ہ کرنے پر زور دیا  کہا کہ پائلٹوں سے متعلق  ہوا بازی  کے بین اقوامی اصولوں کے قواعد وضوابط کے بر خلاف بھی سی اےاے کی جانب سے  شکایتیں  ملی ہیں ،سی اے اے فوری طور پر جعلی لائسنس یافتہ پائلٹس کو معطل کرے۔

دوسری جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قومی ائیرلائن کے 34 پائلٹوں کے لائسنس معطل کر دیے ، سی اے اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائسنس خالد محمود کے زیر دستخط احکامات جاری کئے گئے۔

ذرائع کے مطابق سی اے اے نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد 34 لائسنس معطل کیے۔