Tuesday, May 7, 2024

یورپی یونین آفتاب بہادر مسیح کو پھانسی دینے پر سیخ پا !!! پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم کرنے کی دھمکی

یورپی یونین آفتاب بہادر مسیح کو پھانسی دینے پر سیخ پا !!! پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم کرنے کی دھمکی
June 11, 2015
برسلز (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے پاکستان میں پھانسی پر پابندی ختم کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یورپی یونین کے ترجمان نے پھانسیاں نہ روکنے پر جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یورپی یونین نے لاہور میں آفتاب بہادر مسیح کو پھانسی دینے کے بعد شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ یورپی یونین کے ترجمان نے کہا کہ کہ دسمبر 2014ءسے پاکستان میں پھانسی پر پابندی کے خاتمہ کے بعد ڈیڑھ سو افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے۔ اس صورتحال سے پاکستان انسانی حقوق کے حوالے سے بہت پیچھے چلا گیا ہے۔ آفتاب بہادر مسیح کو جرم کے وقت کم عمری اور دوران حراست تشدد کے ذریعے اعتراف جرم کرانے کے معاملہ کو بھی زیرغور نہیں لایا گیا۔ یورپی یونین کے ترجمان نے شفقت حسین کی اپیل خارج ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ شفقت حسین بھی جرم کے وقت کم عمر تھا، مبینہ طور پر تشدد کے ذریعے اعتراف جرم کرایا گیا۔ یورپی یونین کے ترجمان نے مزید کہا کہ جرم کے وقت کم عمر ہونے اور اعتراف جرم کرانے کےلئے تشدد کا الزام سامنے آنے پر غیرجانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔ ترجمان نے ڈھکے چھپے الفاظ میں پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس ختم کرنے کی بھی دھمکی دی اور کہا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیلئے بین الاقوامی کنونشنز کی پاسداری ضروری ہے۔