Saturday, April 27, 2024

یورپی پیرا گلائیڈنگ ٹیم نے آٹھ ہزار چار سو سات میٹر بلند بلتورو چوٹی پر پیرا گلائیڈنگ کی

یورپی پیرا گلائیڈنگ ٹیم نے آٹھ ہزار چار سو سات میٹر بلند بلتورو چوٹی پر پیرا گلائیڈنگ کی
July 20, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) یورپی پیرا گلائیڈنگ ٹیم نے نیا ریکارڈ بنا دیا۔ پیرا گلائیڈرز نے آٹھ ہزار چار سوسات میٹر بلند بلتورو چوٹی پر پیرا گلائیڈنگ کی۔

دُنیا میں 8 ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے 5 چوٹیاں پاکستان میں ہیں، 6 یورپی پیرا گلائیڈرز 25 مئی سے ہنزہ اور اسکردو میں موجود تھے۔ ان پیرا گلائیڈرز کی قیادت عالمی شہرت یافتہ پیرا گلائیڈر انٹائن جراڈ کر رہے تھے۔ جون کے مہینے میں ان پیرا گلائیڈرز نے ہنزہ کی پہاڑیوں پر پریکٹس کی۔ ان کا مشن پیرا گلائیڈنگ کر کے بلندی پر جانے کا عالمی ریکارڈ بنانا تھا۔ پہلے عالمی ریکارڈ 8157 میٹر کا ہے، جبکہ اب یہ نیا ریکارڈ 8407 میٹر کا بنایا جا چکا ہے۔

یہ ریکارڈ یورپی پیرا گلائیڈر انٹائن جراڈ نے اسکردو میں واقع بلتورو گلیشئر پر بنایا۔ پاکستان کے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ یہ ریکارڈ اس کی سر زمین پر بنا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی اسکول اور فیزیکل ٹریننگ کے مایہ ناز پیرا گلائیڈرز بھی پریکٹس میں شریک رہے۔ پاکستان آرمی پیرا گلائیڈنگ ٹیم کی قیادت کیپٹن احسن نے کی۔ ان کے ساتھ حوالدار قاسم اور حوالدار مقیت بھی اس مہم میں شامل تھے۔ ٹیم نے 5 سے 6 ہزار میٹر بلند 4 مختلف چوٹیوں سے کامیاب پیرا گلائیڈنگ کی۔