Friday, April 19, 2024

یورپی پارلیمنٹ بھارت کے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کی تحقیقات کرے، شاہ محمود

یورپی پارلیمنٹ بھارت کے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کی تحقیقات کرے، شاہ محمود
December 11, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ یورپی پارلیمنٹ بھارت کے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کی تحقیقات کرے۔

وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 15 برس سے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کررہا ہے۔ جعلی ویب سائٹس، عالمی تنظیمیں، این جی اوز اور مردہ لوگوں کا استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انڈین کرونیکلز کی رپورٹ نے بھارتی پراپیگنڈے کے جال سے پردہ اُٹھایا، بین الاقوامی سطح پر بھارت پراپیگنڈے کے ذریعے اپنی ناکامیوں کو چھپا رہا تھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار میں پوری طرح ملوث ہے۔ دنیا کو ہم سفارتی ذرائع سے آگاہ کرتے رہے کہ بھارت یہ کررہا ہے اور یہ اس کے ارادے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا، بھارت پاکستان مخالف پراپیگنڈے میں اے این آئی کو بھی استعمال کر رہا ہے، فیٹف میں بھی بھارت نے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کی۔

ویب سائٹس اور تنظیموں کے سرور را نیٹ ورک کا حصہ تھے، معید یوسف

اِدھر وزیراعظم کے مشیر قومی سکیورٹی اُمور معید یوسف کہتے ہیں کہ جھوٹ پر مبنی بھارتی بیانئے کو مختلف فورمز پر پلانٹ کیا گیا۔ تحقیقات پر پتہ چلا ویب سائٹس اور تنظیموں کے سرور بھارت میں تھے اور را نیٹ ورک کا حصہ تھے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے دنیا بھر میں 750 سے زائد جعلی میڈیا تنظیمیں تشکیل دیں۔ اپیل کرتے ہوئے کہا، یورپی یونین اِس بھارتی مہم کا نوٹس لے۔