Sunday, September 8, 2024

یورپی اور روسی سائنسدان مریخ پر میتھین گیس کا ماخذ ڈھونڈنے کیلئے سرگرم ہو گئے

یورپی اور روسی سائنسدان مریخ پر میتھین گیس کا ماخذ ڈھونڈنے کیلئے سرگرم ہو گئے
March 14, 2016
لندن (ویب ڈیسک) یورپ اور روس نے مریخ کی فضا میں موجود میتھین گیس کے ماخذ کا پتہ چلانے کیلئے مشترکہ خلائی مشن بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں ایک پروٹون راکٹ سرخ سیارے کی جانب بھیجا جا رہا ہے جو اس بات کا پتہ چلائے گا کہ آیا وہاں کی فضا میں میتھین ارضیاتی ذرائع سے حاصل ہو رہی ہے یا مائیکروبز کے ذریعے پیدا ہو رہی ہے۔ اگر یہ مشن کامیاب ٹھہرتا ہے تو دونوں خلائی طاقتیں وہاں خلائی گاڑی بھیجیں گی جسے برطانیہ میں تیار کیا جا رہا ہے اور یہ مریخ کی سطح کو کھود کر تحقیق کرے گی۔ خلائی راکٹ ایکسومارس ٹریس گیس آربیٹر (ٹی جی او) قزاقستان کے معروف بیکانور کوسموڈروم سے چھوڑا جائے گا۔ سیٹلائٹ کو لے جانے والے راکٹ کو مریخ کے مدار میں صحیح جگہ پر چھوڑنے کے لیے دس گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگے گا۔ واضح رہے کہ روس کے لیے یہ سرخ سیارہ بدبختی کی منزل ہے کیونکہ اس سے پہلے اس نے اس سیارے کے لیے 19 مشن روانہ کیے لیکن ان میں سے بیشتر ناکام رہے۔ بہت سے زمین کے مدار سے نہیں نکل سکے اور واپس گر گئے‘ کئی مریخ پر گرکر تباہ ہو گئے اور کئی مریخ سے آگے نکل گئے۔ جرمنی میں قائم یورپی خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ مریخ پر مہم سات ماہ تک جاری رہے گی۔