Tuesday, April 23, 2024

یورپ کے بیشتر ممالک نے سفر کے لیے سرحدیں کھول دیں

یورپ کے بیشتر ممالک نے سفر کے لیے سرحدیں کھول دیں
June 15, 2020
 پیرس (92 نیوز) یورپ کے بیشتر ممالک نے سفر کے لیے سرحدیں کھول دی ہیں اور فضائی آپریشن بھی بحال کر دیا گیا ہے۔ یورپ میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹ گیا۔ معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئی۔ فرانس بھرمیں زندگی دوبارہ لوٹ آئی دو ماہ مکمل اور ایک ماہ جزوی لاک ڈاؤن کے بعد پیر کے روز ہر طرف جوش وخروش اور چہل پہل نظر آئی۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کا کہنا تھا کہ فرانسیسی عوام نے معیشت کی پروا کئے بغیر کورونا وائرس کیخلاف پہلی جنگ جیت لی ہے تاہم جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی۔ میکرون نے پیرس سمیت ملک بھر کو ’گرین زون‘ میں بدلنے کا اعلان کیا۔ ملک میں اسٹیٹ الرٹ کا درجہ کم کردیا گیا ہے۔ تمام ریسٹورنٹ اور کیفے کھول دیئے گئے ہیں جبکہ تعلیمی ادارے بائیس جون سے کھل جائیں گے تاہم عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔ ملک میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 28 جون کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یورپی یونین میں اندرونی سرحدیں کھلنا شروع ہوگئی ہیں جس کے بعد کئی یورپی ممالک کے شہری اپنے پڑوسی ممالک میں بلا رکاوٹ داخل ہو سکیں گے۔ بیلجیئم، فرانس، جرمنی، چیک ریپبلک، ڈنمارک اور یونان نے اپنی سرحدیں کھول دی ہیں۔ اس حوالے سے اٹلی نے پہل کرتے ہوئے 3 جون کو ہی پڑوسی ممالک سمیت تمام یورپین سیاحوں کے لئے سرحدیں کھول دی تھیں۔ بلغاریہ، کروشیا، ہنگری، لیٹویا، لتھوینیا، اسٹونیا، سلواکیہ اور سلوینیہ نے بھی پڑوسی ممالک کے لئے سفری پابندیوں میں نرمی کا آغاز کر دیا ہے۔