Friday, May 17, 2024

یورپ کے 28 ممالک خطے میں رومنگ چارجز ختم کرنے پر متفق ہو گئے

یورپ کے 28 ممالک خطے میں رومنگ چارجز ختم کرنے پر متفق ہو گئے
July 2, 2015
ریگا (ویب ڈیسک) یورپی یونین میں شامل ملک لیٹویا نے اعلان کیا ہے کہ جون 2017ءتک یورپی یونین میں رومنگ سرچارجز کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔ اپنے اعلان میں لیٹویا نے مزید کہا کہ اس حوالے سے یورپی یونین نے 28 رکنی بلاک میں رومنگ چارجز کے خاتمے کےلئے ایک ابتدائی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے تاہم اس معاہدے کے پایہ تکمیل تک پہنچنے کےلئے ضروری ہے کہ یورپی پارلیمان اور یورپی یونین کی تمام رکن ریاستیں بھی اس کی توثیق کریں۔ بعض یورپی ریاستیں اس بات پر زور دے رہی ہیں کہ رومنگ چارجز کا خاتمہ دسمبر 2018ءمیں کیا جائے۔ مشرقی یورپی ملکوں کو خدشہ ہے کہ ضروری اقدامات سے قبل اگر رومنگ چارجز کا خاتمہ کیا گیا تو موبائل فون سروسز فراہم کرنے والی کمپنیاں ملکی سطح پر کال چارجز میں اضافہ کر دیں گی۔ سپین اور یونان جیسے ممالک جہاں غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد ہر سال سفر کرتی ہے، رومنگ چارجز کی مد میں کافی زیادہ مالی فائدہ حاصل کرتے رہے ہیں۔ خوش آئند بات یہ بھی ہے کہ رومنگ چارجز کے مکمل خاتمے سے قبل اپریل 2016ءمیں اس کی شرح میں کمی کر دی جائے گی اور ایک منٹ کی کال پر زیادہ سے زیادہ سرچارج 0.05 یورو یعنی صرف پانچ سینٹ تک کر دیا جائے گا۔ اسی طرح انٹرنیٹ کے استعمال کی صورت میں ایک میگا بائٹ ڈیٹا استعمال کرنے یا ایک ایس ایم ایس بھیجنے پر رومنگ سرچارج دو سینٹ تک محدود کر دیا جائے گا۔ یورپی کمیشن کے مطابق اس طرح رومنگ چارجز میں 75 فیصد تک کمی واقع ہو جائے گی۔