Sunday, September 8, 2024

یورپ میں ’کھلونا ڈاکٹر‘ متعارف‘ بچوں میں بخار اور دل کی دھڑکن جانچنا آسان ہو گیا

یورپ میں ’کھلونا ڈاکٹر‘ متعارف‘ بچوں میں بخار اور دل کی دھڑکن جانچنا آسان ہو گیا
July 12, 2016
لندن (ویب ڈیسک) بچے بیمار پڑ جائیں تو والدین پریشان ہو جاتے ہیں اور چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹرز سے رجوع کرتے ہیں۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹرز معاشرے کی ضرورت کے لحاظ سے خاصے کم ہیں اور انہیں ڈھونڈنے کیلئے خاصی تگ و دو کرنی پڑتی ہے مگر ترقی پذیر معاشروں کی بات الگ ہے۔ صحت کی بہتر سہولیات میسر ہونے کے باوجود وہاں نت نئی طبی ایجادات اس شعبے کو مزید مضبوط بنا دیتی ہیں۔ کروشیا کی انفومیٹک سے وابستہ طالبہ نے یورپی ممالک میں حال ہی میں کچھ ایسے تشخیصی طبی آلات متعارف کرائے ہیں جو دیکھنے میں کھلونوں کی مانند ہیں مگر ان سے کام بچوں کی صحت کے حوالے سے لیا جا رہا ہے۔ ان کھلونوں میں ٹیڈی بیئر‘ زرافہ اور شیر شامل ہیں۔ حساس سینسرز سے لیس ٹیڈی بیئر بیمار بچے پر نظر رکھتا ہے اور ہر لمحہ نہ صرف جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرتا ہے بلکہ موبائل ایپ کے ذریعے معالج کو بھی آگاہ کرتا ہے۔ اس کی بدولت بخار میں مبتلا بچوں کا جسمانی درجہ حرارت جاننا نہایت آسان ہو گیا۔ دوسرے تشخیصی کھلونا نما آلات زرافہ اور شیر جسم میں دل کی حرکت اور خون میں آکسیجن کی سطح کو جانچتے ہیں۔ بات یہیں پر ختم نہیں ہوتی۔ یورپی مارکیٹوں میں ایسے باڈی تھرمل سوٹ بھی متعارف کرائے گئے ہیں جو بچوں کے جسمانی درجہ حرارت کی مانیٹرنگ کرتے ہیں۔ اسی طرح بچوں کے خون میں شوگر کی مقدار کی جانچنے اور دیگر طبی مقاصد کیلئے مختلف ایپس سے بھی کام چلایا جا رہا ہے۔ میڈی ٹیک آلات کی ایجاد نے علاج کو نہ صرف سستا کر دیا ہے بلکہ اس سے آسانیاں بھی میسر آئی ہیں۔