Wednesday, April 24, 2024

یورپ میں کورونا کا زور ٹوٹنے کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی

یورپ میں کورونا کا زور ٹوٹنے کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی
May 4, 2020

میڈرڈ ( 92 نیوز) یورپ کے ممالک میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی ہونے لگی ہے ، اسپین میں شہریوں نے کھلی فضا میں ورزش کی،اٹلی میں بھی کل سے لاک ڈاؤن میں نرمی کردی جائے گی ۔ایران نے سوموار سے کورونا وائرس سے پاک علاقوں میں مساجد کھولنے کا اعلان کردیا۔

یورپ میں زندگی  ایک بار پھر سانس لینے لگی  ، کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے بعد حالات آہستہ آہستہ معمول پر آرہے ہیں ۔ اسپین میں سات ہفتوں سے جاری لاک ڈاؤن میں مزید نرمی ہوئی تو ہزاروں کی تعداد میں شہری پارکس پہنچ گئے اور کھلی فضا میں ورزش ،سائیکلنگ اور جاگنگ کرتے  دکھائی دئیے  ، بچوں اور بوڑھوں نے بھی ملنے والی نئی آزادی کا خوب لطف اٹھایا۔

اٹلی میں سوموار سے لاک ڈاؤن  میں نرمی کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا ، لوگوں کو عزیز و اقارب سے ملنے ، مارکیٹوں اور ملازمتوں پر جانے کی اجازت  ہوگی ۔ دوسرے مرحلے تحت اٹھارہ مئی سے  میوزیم ، گیلریز  اور لائبریریاں جبکہ یکم جون سے بارز ریسٹورنٹس،اور سیلون کھولے جائیں گے ۔

دوسری جانب فرانسیسی حکومت نے ہیلتھ ایمرجنسی میں چوبیس جولائی تک توسیع کردی جبکہ   دیگر ممالک سے آنے والے اپنے شہریوں کو چودہ روز تک قرنطینہ میں رہنا لازمی قرار دیا ہے ۔

فرانس میں  گیارہ مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کی جارہی ہے  ، ادھر بیلجیئم نے بھی  سوموار سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا ارادہ ظاہر کر دیا ہے ۔ بیلجیئم آبادی میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح کے حساب سے یورپ بھر میں سب سے آگے ہے۔جہاں اب تک 7844افراد ہلاک اور49ہزار906متاثر ہوچکے ہیں ۔

دوسری جانب ایران میں کورونا وائرس کی وبا پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے  ۔ گزشتہ  چوبیس گھنٹوں کے دوران 47 افراد جاں بحق اور 976کیسز رپورٹ ہوئے  ، حکومت نے سوموار سے  کورونا وائرس سے پاک  132 شہروں اور ٹاؤنز  میں مساجد   کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صدر حسن روحانی  کے مطابق  ان علاقوں میں جمعے کے خطبات بھی  دوبارہ  شروع کیے جائیں گے ۔

ایک جانب جہاں مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی جارہی ہے تو دوسری جانب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر امریکا میں  اس  کیخلاف احتجاج زور پکڑتا جارہا ہے  ، امریکی میڈیا کے مطابق ریاست نیواڈا،نیو ہیمپشائر،کیلی فورنیا سمیت مختلف ریاستوں میں شہریوں ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اور  گورنرز سے فوری پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا۔