Monday, April 29, 2024

یورپ میں پھر سے زندگی کی گاڑی چلنے لگی

یورپ میں پھر سے زندگی کی گاڑی چلنے لگی
May 14, 2020

لندن ( 92 نیوز ) یورپ میں پھر سے زندگی کی گاڑی چلنے لگی ، لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے ساتھ ہی معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے۔لندن میں انڈرگراؤنڈ ٹرین سروس اور  ٹرانسپورٹ کوجزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔بیلجئیم میں مارکیٹیں،عجائب گھر اور چڑیا گھر کھول دئیے گئے۔جبکہ فرانس میں بھی ساحل پر لوگوں کو سیر کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

ایک طرف کورونا کے وارجاری تو دوسری جانب یورپی ممالک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی ، لندن کی ٹرانسپورٹ اور زیر زمین ریلوے کھول دی گئی لیکن سفر کے لئے 2 میٹر کا سماجی فاصلہ رکھنا ضروری ہوگا ۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ان لوگوں کو جو گھر سے کام نہیں کر سکتے انہیں کام کی اجازت دے دی  ، جن کے پاس ذاتی ٹرانسپورٹ نہیں ہے وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں ، لندن کی پبلک ٹرانسپورٹ کو جزوی طور پربحال کرنے کا اعلان کیا گیا ۔

بیلجیئم میں دو مہینے کے لاک ڈاؤن کے بعد اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں کو جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن سماجی فاصلے کا خیال لازمی رکھنا ہوگا  جبکہ مارکیٹیں، عجائب گھر اور چڑیا گھر کھول دیے گئے ہیں ، لوگ آن لائن ٹکٹ حاصل کر سکیں گے اور کسی بھی جگہ ہجوم کی صورت اختیار نہیں کر سکتے۔

کیفے،ریسٹورنٹ، باربر شاپس اور بیوٹی سیلون وغیرہ دو ہفتوں تک کھول دیے جائیں گے ۔ اسپورٹس کلب میں ایک کوچ ہوگا جو صرف 20 لوگوں کو ٹریننگ دے سکتا ہے  ، جون کے مہینے سے قبل کوئی بھی اسپورٹس یا کلچرل ایونٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔

فرانس میں بھی دو ماہ بعد ساحل سمندر کو مقامی عوام کے لیے کھول دیا گیا ، لوگ ساحلی پابندی کھلنے پر بے حد خوش نظر آئے۔