Thursday, May 9, 2024

یورپ میں قدرتی گیس کابحران شدت اختیار کرگیا

یورپ میں قدرتی گیس کابحران شدت اختیار کرگیا
October 9, 2021 ویب ڈیسک

ایمسٹر ڈیم (92 نیوز) پاکستان ہی نہیں بلکہ یورپ میں بھی قدرتی گیس کا بحران شدت اختیار کرتا جارہاہے۔ اس سال موسم سرما میں یورپی صارفین کے گیس کے بلوں میں اضافہ ہوجائے گا جبکہ کئی صنعتوں کے بند ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

کورونا بحران کے بعد یورپ اب قدرتی گیس کے بحران کے شکنجے میں آگیا۔ یورپی ممالک سے شروع ہونے والا یہ قدرتی گیس کا بحران،،عالمی بحران میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے صارفین کو گیس کے بل ذیادہ آئیں گے بلکہ انہیں گیس کی قلت کے بحران کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

یورپ میں قدرتی گیس کی قیمتوں میں پانچ سو فیصد تک اضافے نے صارفین کی چیخیں نکال دیں جبکہ برطانیہ میں بھی اگلے سال تک صارفین کے بلوں میں 30 فیصد تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

روس اس وقت یورپ کو قدرتی گیس دینے والا سب سے بڑا ملک ہے ۔روس کی توانائی کمپنی گیزپروم نے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ روسی کمپنی کے مطابق بڑھتی قیمتیں خطے میں معیشت کو عدم استحکام کی جانب لے جا سکتی ہیں۔

دنیا میں گیس کے بھی ذخائر کم ہوتے جا رہے ہیں ناروے اور روس جیسے ممالک سے گیس کی فراہمی میں بھی کمی آئی ہےایشیا ئی ممالک ایل این جی کی درآمد ریکارڈ قیمتوں پر کر رہے ہیں جبکہ گیس کا سب سے بڑا خریدار چین بھی اب تک اپنے ذخائر پورے نہیں کر سکا۔

چین اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے کوشاں ہے، وہیں جنوبی کوریا بھی اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے گیس کی مارکیٹ میں خیردار کے طور پر کود سکتا ہے، پاکستان میں بھی حکومت گیس کی قلت، مہنگی درآمدی ایل این جی کی وجہ سے سردیوں میں بجلی کے زیادہ استعمال کی حوصلہ افزائی کی پالیسی متعارف کرارہی ہے۔

ایشیا اور یورپ کے مقابلے میں امریکہ میں گیس کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں پھر بھی اس کی تجارت 2014 سے اب تک کی سب سے زیادہ قیمت پر ہو رہی ہے۔