Friday, April 26, 2024

یورپ میں سردی سے ہلاکتیں اکسٹھ تک پہنچ گئیں

یورپ میں سردی سے ہلاکتیں اکسٹھ تک پہنچ گئیں
January 11, 2017

کوپن ہیگن (ویب ڈیسک) امریکا اور کئی یورپی ممالک میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ خون جما دینے والی برف باری نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ یورپ میں سردی سے ہلاکتوں کی تعداد اکسٹھ تک پہنچ گئی۔ شدید سردی اور برف باری نے پناہ گزینوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ ترکی میں سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ پاکستانیوں سمیت ہزاروں مسافرپھنس گئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا اور یورپ میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ ہر چیز برف میں ڈھک کر رہ گئی ہے۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقے شدید برفباری کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا میں سات فٹ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔

کیلیفورنیا کے اکثر علاقوں میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں جبکہ برف باری کی وجہ سے اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہے۔ دوسری طرف یورپ میں جاری برف باری نے بھی نظامِ زندگی منجمد کر کے رکھ دیا ہے۔ رومانیہ اوربلغاریہ میں درجہ حرارت منفی تیس ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

پولینڈ اور سربیا میں درجہ حرارت منفی بیس ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شدید سردی کی وجہ سے رومانیہ سمیت کئی یورپی ملکوں میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ برف باری سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ سرکاری ملازمین کے دفتری اوقات میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔

یونان میں درجہ حرارت منفی اٹھارہ ڈگری تک گرگیا ہے اور کیمپوں میں مقیم تارکین وطن کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیکڑوں پناہ گزین یخ بستہ راتیں خیموں میں گزارنے پر مجبور ہیں۔