Friday, April 26, 2024

یورپ میں ایک ہی روز کورونا وائرس سے 593 افراد ہلاک

یورپ میں ایک ہی روز کورونا وائرس سے 593 افراد ہلاک
March 17, 2020
روم ( 92 نیوز) قاتل کورونا اس وقت براعظم یورپ  کو شدید متاثر کررہا ہے جہاں  ایک ہی روز میں 13 ممالک میں 593 مریض لقمہ اجل بن گئے، اٹلی اور اسپین کے بعد فرانسیسی صدر نے بھی ملک کو لاک ڈاؤن کردیا، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے وائرس کو قاتل بیماری قرار دے دیا،سوئٹزرلینڈ میں بھی  19 اپریل تک ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ یورپ میں کورونا نے سب سے زیادہ متاثر اٹلی کو کیا جہاں  28 ہزار کے قریب افراد میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے دو ہزار ایک سو اٹھاون افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سپین میں مزید 1700 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے، ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد دس ہزار تک پہنچ گئی جن میں چار پاکستانی بھی شامل ہیں ۔ اب تک 342 مریض زندگی کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔ کورونا کے تیز پھیلاؤ پر فرانس کو بھی لاک ڈاؤن کردیا گیا ، صدر ایمونیل میکرون کا کہنا ہے کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں ۔ پندرہ روز تک لوگ گھروں سے نہ نکلیں ، فرانس میں اب تک 6600 سے زائد مریض اور ایک سو اڑتالیس ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔ برطانیہ میں چوبیس گھنٹوں میں مزید بیس مریض دم توڑ گئے ، جس کے بعد مجموعی اموات 55 جبکہ متاثرین کی تعداد 1500 سے تجاوز کرچکی ہے ، وزیراعظم بورس جانسن نے عوام کو بنا ضرورت باہر نہ نکلنے کی اپیل کردی ہے ۔ بورس جونسن کا کہنا تھا کہ   ہم ایک قاتل بیماری کے ساتھ نبردآزما ہیں۔ سوئٹزرلینڈ میں انیس اپریل تک ایمرجنسی نافذ ہے جہاں انیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، جرمنی نے بھی اپنی سرحدیں بند کردی ہیں  ۔ نیدرلینڈز میں متاثرین کی تعداد چودہ سو جبکہ سویڈن میں گیارہ سو سے بڑھ چکی ہے ۔ بیلجیم اور آسٹریا میں بھی ایک ہزار سے زائد متاثرین رپورٹ ہوچکے ہیں۔