Friday, May 3, 2024

یورپ سلطنت روم کی طرح زوال پذیر ہو سکتا ہے : وزیراعظم نیدرلینڈ

یورپ سلطنت روم کی طرح زوال پذیر ہو سکتا ہے : وزیراعظم نیدرلینڈ
November 28, 2015
ایمسٹرڈیم (ویب ڈیسک) نیدرلینڈ کے وزیراعظم مارک رٹے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تارکین وطن کو پناہ دینے کی وجہ سے یورپ سلطنت روم کی مانند زوال پذیر ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق امسال مشرق وسطیٰ، ایشیا اور افریقہ کے شورش زدہ ممالک سے جنگ اور غربت کے ہاتھوں مجبور ہو کر ترک وطن کرنے والے لاکھوں مہاجرین پناہ کی تلاش میں یورپ پہنچے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین کو یورپی ممالک میں پناہ دینے کے معاملے پر اٹھائیس رکنی یورپی یونین کے اراکین کے درمیان تعلقات کشیدہ نظر آتے ہیں۔ نیدرلینڈین وزیراعظم نے ایک غیرملکی جریدے کو بتایا کہ یورپ کی بیرونی سرحدوں پر کنٹرول بنیادی ضرورت ہے۔ سلطنت روم کی تاریخ دیکھیں تو ہمیں پتا چلتا ہے کہ سرحدیں محفوظ نہ ہوں تو یہ عظیم سلطنتوں کے زوال کا باعث بن جاتی ہیں۔ واضح رہے کہ یکم جنوری سے یورپی یونین کی صدارت نیدرلینڈ کے پاس چلی جائے گی۔ رواں برس اب تک ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد پناہ گزین یورپ پہنچ چکے ہیں۔