Friday, May 10, 2024

یوروکپ میں انگلینڈ، آسٹریا اور نیدرلینڈز نے افتتاحی میچز جیت لیے

یوروکپ میں انگلینڈ، آسٹریا اور نیدرلینڈز نے افتتاحی میچز جیت لیے
June 14, 2021

لندن (92 نیوز) یوروکپ میں انگلینڈ، آسٹریا اور نیدرلینڈز نے اپنے اپنے افتتاحی میچز جیت لیے، انگلینڈ نے کروشیا کو ایک صفر سے ہرایا، آسٹریا نے شمالی مقدونیہ کو تین ایک سے مات دی۔ نیدرلینڈز نے یوکرائن کو تین دو سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر برتری پا لی۔

یوروکپ 2021 میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انگلینڈ، آسٹریا اور نیدرلینڈز کی ٹیموں نے افتتاحی معرکوں میں میدان مار لیا۔

گروپ ڈی کے ایک میچ میں انگلینڈ نے کروشیا کو ایک صفر سے شکست دی، میچ کے 57 ویں منٹ میں رحیم اسٹرلنگ نے انگلینڈ کی جانب سے واحد گول کیا، میچ کے اختتام تک کروشین ٹیم گول برابر نہ کرسکی۔

گروپ سی کے میچ میں آسٹریا نے شمالی مقدونیہ کو تین ایک سے ہرایا۔ سٹیفن لینز، مائیکل جارجش اور مارکو آرنا ٹووچ نے آسٹریا کی جانب سے گول اسکور کیے، شمالی مقدونیہ کی جانب سے واحد گول گوران پانڈیف نے کیا۔

گروپ سی کے دوسرے میچ میں یوکرائن کو نیدرلینڈز کے ہاتھوں تین دو سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ فاتح ٹیم کے جارجینیو، ویگروسٹ اور ڈینرل نے بال کو جال میں پھینکا۔ یوکرائن کی جانب سے یورمیلنکو اوریورماشیک نے ایک ایک گول کیا۔