Sunday, September 8, 2024

یورو کپ : پہلے سیمی فائنل میں پرتگال کو ویلز سے کانٹے دار مقابلے کا چیلنج درپیش

یورو کپ : پہلے سیمی فائنل میں پرتگال کو ویلز سے کانٹے دار مقابلے کا چیلنج درپیش
July 6, 2016
پیرس (ویب ڈیسک) یورو کپ کا سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گیا۔ پرتگال‘ ویلز‘ جرمنی اور فرانس سیمی فائنل میں پہنچنے والی خوش قسمت ٹیمیں بن گئیں۔ پہلا سیمی فائنل آج پاکستانی وقت کے مطابق رات بارہ بجے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پہلا سیمی فائنل پرتگال اور ویلز کے درمیان ہو گا۔ پرتگال فیورٹ ہے تاہم اب تک کے میچوں میں ویلز کی کارکردگی زیادہ متاثر کن ہے۔ ویلز نے پانچ میچوں میں دس گول اسکور کیے اور اس کے خلاف چار گول ہوئے۔ گروپ مرحلے میں وہ صرف انگلینڈ سے ہاراہے تاہم کوارٹر فائنل میں بلجیم کی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر اس نے شائقین کو حیران کر دیا۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں میں سب سے مایوس کن کارکردگی کرسٹیانو رونالڈو کے پرتگال کی رہی جسے گروپ مرحلے میں کوئی فتح نصیب نہیں ہوئی اور تمام میچ برابر رہے۔ پری کوارٹر فائنل میں کروشیا کے خلاف بھی اضافی وقت میں بمشکل ایک گول کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ پولینڈ سے کوارٹر فائنل بھی پینلٹی ککس پر ہی جیت سکا۔ دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو فرانس اور جرمنی کے درمیان ہو گا جبکہ کارکردگی کے اعتبار سے میزبان فرانس کی کارکردگی بہتر رہی ہے۔