Sunday, May 12, 2024

یورو کرنسی کی آج پندرہویں سالگرہ ہے

یورو کرنسی کی آج پندرہویں سالگرہ ہے
January 1, 2017

برلن (ویب ڈیسک) یورو کو یکم جنوری 1999ء کو ابتدائی طور پر متعارف کرایا گیا تھا اور ابتدا میں یہ صرف ایک ورچوئل کرنسی تھی جسے اکاؤنٹنگ اور بینکوں کے ذریعے کیے جانے والے لین دین میں استعمال کیا جاتا تھا۔ بعد ازاں یکم جنوری 2002ء کو یورو کے سکے اور نوٹ جاری کر دیے گئے۔ یورو انیس ممالک کی مشترکہ کرنسی ہے اور تقریباً 340 ملین افراد روزانہ یورو کرنسی استعمال کرتے ہیں۔

یورو کرنسی اپنے سفر کے دوران دو بڑے بحرانوں کا مقابلہ کر چکی ہے۔ 2008ء کے عالمی مالیاتی بحران کے بعد یونان شدید مشکلات کا شکار ہوا اور یورو کرنسی بھی مسائل میں گِھر گئی۔ بعد ازاں ان مسائل نے پرتگال اور آئرلینڈ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب اس کرنسی زون کے ٹوٹنے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ گیا تھا

تاہم یورپی یونین کی جانب سے مختلف امدادی منصوبوں کی وجہ سے اس کا شیرازہ بکھرنے سے بچ گیا۔ 2015ء میں بھی یونان یورو زون سے نکلتے بال بال بچ گیا لیکن معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یورو کو درپیش خطرات ابھی ٹلے نہیں۔

متعدد یورپی ممالک میں ایسی تنظیمیں مقبولیت پا رہی ہیں جو یورو کے حوالے سے خدشات رکھتی ہیں۔ اگر یہ تنظیمیں انتخابات جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو شاید یورو کو ایک تیسرے بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔