Thursday, April 25, 2024

یوحنا آباد میں 2دھماکے، 15افراد جاں بحق، 75 سے زائد زخمی

یوحنا آباد میں 2دھماکے، 15افراد جاں بحق، 75 سے زائد زخمی
March 16, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) یوحنا آباد میں 2دھماکے، 15افراد جاں بحق، 75سے زائد زخمی۔  یہ دھماکے گرجا گھروں کے قریب دعائیہ تقریبات کے موقع پر ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے ایک بار پھر لاہور کو اپنا نشانہ بنایا۔ یوحنا آباد میں گرجا گھروں کے باہر دو دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد پندرہ ہو گئی۔ مرنے والوں میں ایک سکیورٹی اہلکار، ایک گارڈ اورآٹھ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ ستتر زخمیوں میں سے بیس کی حالت نازک ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق 2خودکش حملہ آوروں نے چرچ میں داخلے میں ناکامی پر خود کو اڑا دیا۔ پہلا دھماکہ کیتھولک چرچ اور دوسرا کرائسٹ چرچ کے قریب ہوا۔ دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی، لوگ چیخ و پکار کرتے نظر آرہے تھے۔ دھماکے کے بعد پورے شہر کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا۔ زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت جنرل اسپتال پہنچایا گیا۔ بعدازاں امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ جنرل اسپتال میں لائے گئے کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ لاہور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ جنرل اسپتال میں لائے گئے کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے اور ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مشکوک افراد کی تلاش بھی شروع کر دی۔