Tuesday, April 23, 2024

یوحنا آباد دھماکے، 2مشتبہ افراد تشدد سے ہلاک، میٹرو سٹیشن تباہ

یوحنا آباد دھماکے، 2مشتبہ افراد تشدد سے ہلاک، میٹرو سٹیشن تباہ
March 16, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) یوحنا آباد میں ہونے والے خودکش دھماکوں کے بعد مشتعل عوام نے دو مشتبہ افراد تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر دم توڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق یوحنا آباد میں دھماکوں کے بعد اہل علاقہ مشتعل ہوگئے۔ دو افراد کو مشتبہ قرار دے کر لوگوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ان کی ہلاکت واقع ہو گئی۔ عوام نے دونوں کی لاشوں کو سڑکوں پر گھسیٹا اور آگ لگادی۔ مشتعل ہجوم کا کہنا تھا کہ یہ افراد دھماکے کے وقت موجود تھے اور حملہ آوروں کے ساتھ آئے۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے ایک شخص کی لاش تحویل میں لے لی جبکہ دو مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔ یوحنا آباد میں عیسائیوں کی سب سے بڑی آبادی واقع ہے۔ اس علاقے میں دس لاکھ کے قریب افراد رہائش پذیر ہیں۔ کچھ عرصہ قبل یہاں سے کچھ مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ گرجاگھروں میں بم دھماکوں کے بعد مشتعل ہجوم نے میٹروبس کا یوحنا آباد سٹیشن مکمل طور پر تباہ کر دیا جبکہ نشتر میٹرو بس سٹیشن کو بھی جزوی نقصان پہنچایا گیا۔ بارہ بجے سے معطل ہونے والی میٹرو بس سروس تاحال بحال نہیں ہو سکی۔ مظاہرین نے احتجاج کے دوران میٹرو بس کے ٹریک کو شدید نقصان پہنچاتے ہوئے ٹریک پر لگے جنگلوں کو یوحنا آباد سے لے کر جنرل ہسپتال تک توڑ دیا۔ دو ہزار تیرہ میں بھی یوحنا آباد میں مظاہرین کی جانب سے میٹرو بس اسٹیشن کو نقصان پہنچایا گیا تھا جس سے نہ صرف یوحنا آباد کا میٹرو بس اسٹیشن تین ماہ تک بند رہا بلکہ اس کی دوبارہ تعمیر پر پانچ کروڑ روپے کی لاگت آئی تھی۔ میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال معمول پر آنے تک سروس بحال نہیں کی جا سکتی۔