Thursday, April 18, 2024

یوایفا یوروپا لیگ ، آرسنل اور چیلسی نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

یوایفا یوروپا لیگ ، آرسنل اور چیلسی نے اپنے اپنے میچز جیت لیے
April 12, 2019

 ابو ظہبی (92 نیوز) یوایفا یوروپا لیگ میں کوارٹر فائنل کے زبردست مقابلوں میں آرسنل اور چیلسی نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ آرسنل نے نپولی اور چیلسی نے سلوایہ پراگ کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

 یوایفا یوروپا لیگ کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہو گیا۔ ٹائٹل کے حصول کے لیے ٹیموں کی پیش قدمی جاری ہے۔

 امارات اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آرسنل نے جارحانہ آغاز کیا۔ 15 ویں منٹ میں ایرن ریمزی نے گول اسکور کر کے گنرز کو برتری دلا دی۔

 نپولی کی مشکلات میں تب اضافہ ہوا جب 25 ویں منٹ میں انکے کھلاڑی نے گیند کو اپنے ہی جال میں پھینک کر آرسنل کی برتری دو صفر کر دی۔

 دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی سرتوڑ کوششیں کیں مگر کسی ٹیم کو کامیابی حاصل نہ ہو سکی اور مقابلہ دو صفر سے آرسنل کے نام رہا۔

 ایک اور میچ میں چیلسی نے سلاویہ پراگ کو ایک صفر سے ہرا دیا۔ میچ کا واحد گول چیلسی کے کھلاڑی مارکوس الونسو نے 86 ویں منٹ میں اسکور کیا۔