Monday, September 16, 2024

یوئیفا چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل مرحلے کا رونالڈو کی ہیٹ ٹرک کے ساتھ آغاز

یوئیفا چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل مرحلے کا رونالڈو کی ہیٹ ٹرک کے ساتھ آغاز
May 3, 2017
لاہور(سپورٹس ڈیسک)یوئیفا چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل مرحلے کا رونالڈو کی ہیٹ ٹرک کے ساتھ آغاز ہو گیا۔ پہلے میچ کے پہلے لیگ میں ریال میڈرڈ نے اٹلیٹکو میڈرڈ کو تین صفر سے ہرا دیا۔ تفصیلات کےمطابق یورپی فٹبال کے بڑے مقابلے میں ریال میڈرڈ اور اٹلیٹکو میڈرڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ ریال نے اپنے ہم وطن حریف کو میچ کے آغاز سے ہی دباؤ میں رکھا۔ کرسٹیانو رونالڈو نے مخالف ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں کو خوب تگنی کا ناچ نچایا۔ پرتگالی سپر سٹار نے میچ کے دسویں منٹ میں پہلا گول داغ دیا۔ اٹلیٹکو میڈرڈ کے سٹرائیکرز سرتوڑ کوشش کے باوجود ہاف ٹائم تک میچ برابر کرنے میں ناکام رہے۔ دوسرے ہاف میں ایک بار پھر رونالڈو کا جادو سر چڑھ کر بولا لیجند فٹبالر نے مزید دو گول اسکور کر کے شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی اور تین صفر سے فتح اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔ میچ کا دوسرا لیگ دس مئی کو کھیلا جائے گا۔ اٹلیٹکو کے خلاف تین گول کرنے سے چیمپئنز لیگ میں رونالڈو کے گولز کی تعداد سب سے زیادہ ایک سو تین ہو گئی ہے۔ انہوں نے ناک آؤٹ مراحل میں باون، سیمی فائنلز میں بارہ جبکہ آخری تین میچوں میں آٹھ بار گیند کو جال کی راہ دکھائی ہے۔