Friday, March 29, 2024

ینگ ڈاکٹرز کی اجتماعی طورپر مستعفی ہونے کی دھمکی

ینگ ڈاکٹرز کی اجتماعی طورپر مستعفی ہونے کی دھمکی
April 26, 2016
سرگودھا(92نیوز)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سرگودھا میں ینگ اور سینئر ڈاکٹرز کا تنازع  حل نہ ہوسکا  اور پولیس کی  بھاری نفری  اسپتال کے باہر  پہنچ  گئی ہڑتال کے باعث اب تک دو بچوں سمیت سات افراد زندگی کی بازی ہارچکے ہیں ینگ ڈاکٹرز نے پریس کانفرنس میں اجتماعی استعفے دینے کی دھمکی دے دی ہے جبکہ انجمن تاجران نے بھی ضلعی انتظامیہ کو 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ تفصیلات کےمطابق سرگودھا کا ڈی ایچ کیو اسپتال مسلسل 4 روز سے میدان جنگ کے مناظر پیش کرتارہاجدید اسلحے سے لیس پولیس کے پہرے میں ڈاکٹرز ہسپتال میں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ باہر سے ڈاکٹرز کو بلا کر ایمرجنسی کو بھی جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے او پی ڈی کی پرچی کا اجرا شروع تو کردیا گیا مگر مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث سینئر ڈاکٹرز ان کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں ناکافی دکھائی دے رہےہیں۔ محکمہ صحت کی 16 تنظیموں کے الائنس کی جانب سے پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ وہ مریضوں کو اپنی استطاعت کے مطابق چیک کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ جان پر کھیل کربھی ہڑتال نہیں ہونے دینگے۔ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو اجتماعی استعفے دیے جائینگے۔ دوسری جانب انجمن تاجران، چیمبر اور کامرس  اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو معاملات ٹھیک کرنے کے لئے 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسپتال میں پولیس تو تعینات کر دی گئی ہے مگر تاحال مسئلے کا حل نہیں نکالاجاسکا ہے۔ ڈاکٹرز کی آپس کی لڑائی اور ایم ایس کی نااہلی کے باعث اب تک 2 نومولود بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔