Saturday, April 27, 2024

ینگ ڈاکٹرز بلوچستان کا کام چھوڑنے کا اعلان

ینگ ڈاکٹرز بلوچستان کا کام چھوڑنے کا اعلان
April 6, 2020

کوئٹہ  ( 92 نیوز) کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز  نے کام چھوڑنے کا اعلان کر دیا ،  وائی ڈی اے بلوچستان کے رہنما ڈاکٹر یاسر نے کہا کہ آج کے واقعے کے بعد ہمارے لیے کام کرنا مشکل ہوگیا۔

ڈاکٹر یاسر نے کہا کہ  باقی صوبوں میں  50 ہزار میڈیکل اسٹاف کو سامان مل چکا ہے ،  بلوچستان میں پانچ ہزار ڈاکٹرز کو میڈیکل آلات فراہم نہیں کئے گئے ، ہم مذاکرات کے لئے گئے تھے   مگر شروعات ڈنڈوں سے کی گئی ، آج مسیحاوں کے ساتھ دہشت گردوں جیسے سلوک کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ  ہمارے زخمی ڈاکٹر تھانوں میں بیٹھے ہوئے ہیں ،موجودہ صورتحال میں سروسز دینا ممکن نہیں ، ہمارے پاس کام چھوڑنے کے سوا کوئی چارہ نہیں،یہی صورتحال رہی تو حالات بدتر ہوجائیں گے ، بلوچستان میں کورونا کے خلاف جنگ ہار رہے ہیں، وزیراعلیٰ،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری صحت کے رہنے سے حالات مزید خراب ہوں گے۔

ترجمان بلوچستان  حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا کہ  ڈاکٹروں کو  کٹس اور ضروری سامان فراہم کردیا مزید بھی کرینگے، ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان کی تقسیم کیلئے کام کررہے ہیں، حفاظتی سامان کا آرڈر بھی دے رکھا ہے۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مزید 6 افراد میں کورونا  وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے  ، جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 198 تک پہنچ گئی ہے ۔   آج 126 ٹیسٹ رپورٹس موصول ہوئیں  جن میں 6 مثبت اور 120 منفی نتائج سامنے آئے ۔