Sunday, May 5, 2024

یمنی حکومت نے باغیوں کی پیش قدمی روکنے کیلئے اقوام متحدہ سے زمینی افواج بھیجنے کی اپیل کردی

یمنی حکومت نے باغیوں کی پیش قدمی روکنے کیلئے اقوام متحدہ سے زمینی افواج بھیجنے کی اپیل کردی
May 7, 2015
ریاض (ویب ڈیسک) یمنی حکومت نے اقوام متحدہ سے باغیوں کی پیش قدمی روکنے کے لیے غیر ملکی افواج یمن بھیجنے کی اپیل کردی ہے۔ سعودی عرب کی سربراہی میں عرب ممالک کے اتحاد نے جب چھبیس مارچ کو یمن میں فضائی کارروائیاں شروع کیں تو اس وقت بھی یمنی حکومت نے اقوام متحدہ سے غیرملکی فوج یمن بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔ یمنی حکومت نے انسانی حقوق کے اداروں سے بھی کہا ہے کہ وہ نہتے یمنی باشندوں کے خلاف وحشیانہ کارروائیوں کا ریکارڈ اکٹھا کرے۔ یمنی حکومت نے کہا کہ وہ ہر ممکن کوشش کرےگی تاکہ باغیوں کو جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کی سزا مل سکے۔ سکیورٹی کونسل کے ممبران کو بھیجے گئے خط میں ملک کے جنوبی شہر عدن کی بندرگاہ کے قریب ایک کشتی پر باغیوں کی گولہ باری کے نتیجے میں کم سے کم پچاس افراد کے ہلاک ہونے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اب تک یمن سے تقریباً تین لاکھ لوگ نقل مکانی کرچکے ہیں جبکہ بارہ لاکھ لوگوں کو اب بھی یمن میں خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔