Saturday, April 20, 2024

یمن کے ساحلی شہرعدن میں حوثی باغیوں اور صدر ہادی کے حامیوں میں تازہ جھڑپیں، حوثی یمن کے بیشتر حصوں پر قابض

یمن کے ساحلی شہرعدن میں حوثی باغیوں اور صدر ہادی کے حامیوں میں تازہ جھڑپیں، حوثی یمن کے بیشتر حصوں پر قابض
June 10, 2015
عدن (ویب ڈیسک) صدر منصور ہادی کے حامیوں اور باغی جنگجوؤں کے درمیان یمن کے ساحلی شہر عدن میں تازہ جھڑپیں جاری ہیں۔ یمن کے جنوبی ساحلی شہر عدن میں جلاوطن صدر منصور ہادی کے حامی گروپوں اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ منصور ہادی کے حامی گروپوں کو سعودی اتحاد جبکہ حوثی باغیوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے۔ ہادی کے حمایتی گروپوں کے دستے اکتیسویں آرمرڈ بریگیڈ کے اڈے پر تعینات ہیں جو عدن شہر سے پندرہ کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے اور ان دستوں نے حوثی باغیوں کے تازہ حملوں کے باوجود اپنی پوزیشن کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ تازہ جھڑپوں میں تاحال ہلاکتوں کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم ویڈیو میں ایک زخمی فوجی کو حفاظت کے ساتھ لے جاتا ہوا دکھایا گیا ہے۔ سعودی اتحاد شہروں اور قصبوں سے حوثی باغیوں کو بھگانے کیلئے یمن کے مختلف حصوں میں بمباری کر رہی ہے لیکن گیارہ ہفتوں سے جاری فضائی حملوں کے باوجود حوثی دارالحکومت صنعا سمیت یمن کے بیشتر حصے پر قابض ہیں۔