Thursday, March 28, 2024

یمن کے دارالحکومت صنعا پر سعودی جیٹ طیاروں کے حملے، طیاروں کی بمباری سے پینتالیس افراد ہلاک، سو زخمی

یمن کے دارالحکومت صنعا پر سعودی جیٹ طیاروں کے حملے، طیاروں کی بمباری سے پینتالیس افراد ہلاک، سو زخمی
June 8, 2015
صنعا (ویب ڈیسک) یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادی طیاروں کی بمباری سے پینتالیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ادھراقوام متحدہ کا کہنا ہے یمنی حکومت اورحوثی باغیوں میں امن مذاکرات چودہ جون کو ہوں گے۔ سعودی قیادت میں جیٹ طیاروں نے صنعا میں حوثی باغیوں کے صدر دفتر کو نشانہ بنایا۔ حملے میں پینتالیس افراد ہلاک جبکہ سو سے زائد لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ سعودی بمباری کا تازہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ حوثی باغیوں اور یمنی حکومت کے درمیان امن مذاکرات چودہ جون کو ہوں گے۔ یمن کی جنگ میں دو ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل اٹھائیس مئی کو اقوام متحدہ نے فریقین میں مذاکرات کروانے کوشش کی تھی تاہم اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے یمن میں موجود تمام فریقین سے کہا ہے کہ وہ بغیر کسی شرط کے نیک نیتی کے ساتھ بات چیت کا آغاز کریں۔ حکومت اور حوثی باغیوں کی جانب سے بھی چودہ جون کے امن مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کی گئی ہے۔