Friday, April 26, 2024

یمن کی صورتحال ،پاکستانی اعلیٰ سطحی وفدآئندہ دوروز میں سعودیہ جائیگا

یمن کی صورتحال ،پاکستانی اعلیٰ سطحی وفدآئندہ دوروز میں سعودیہ جائیگا
March 30, 2015
اسلام آباد(ویب ڈیسک)یمن کی جنگ اور خطے کی سلامتی کی صورتحال پر پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں سعودی عرب روانہ ہو گا۔ وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف کریں گے، وفد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شامل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے یمن میں باغیوں کیخلاف لڑائی اور سعودی عرب کی سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان سے مدد مانگی تھی۔ پاکستان نے سعودی عرب کی سکیورٹی اور سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی مدد کا یقین بھی دلایا۔ وزیراعظم نواز شریف اور جنرل راحیل شریف اس معاملہ پر مسلسل مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وفد نے آج روانہ ہونا تھا لیکن مزید مشاورت کیلئے روانگی اڑتالیس گھنٹے کیلئے موخر کی گئی۔ سعودی عرب کی طرف سے مدد کی درخواست کے بعد سے مسلسل قیاس آرائی ہورہی ہے کہ پاکستان یمن کے باغیوں سے نمٹنے کیلئے فوج بھجوا سکتا ہے لیکن وزیر دفاع خواجہ آصف واضح کر چکے ہیں کہ سعودی عرب کی سکیورٹی اورسالمیت کیلئے ہر قدم اٹھایا جائے گا تاہم فرقہ وارانہ تاثر والی یمن کی جنگ میں پاکستان فریق نہیں بنے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد سعودی عرب کے دورہ میں سعودی عرب کی دفاعی ضروریات اور اسے درپیش خطرات کا جائزہ لیکر کسی بھی قسم کی مدد کا حتمی فیصلہ کرے گا۔