Friday, April 19, 2024

   یمن کی جنگ میں شامل ہونے سے پاکستان میں فرقہ واریت بڑھے گی:عمران خان

     یمن کی جنگ میں شامل ہونے سے پاکستان میں فرقہ واریت بڑھے گی:عمران خان
March 27, 2015
لاہور(92نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ یمن کی جنگ میں پاکستان اگر شامل ہوگا تواس سے پاکستان میں فرقہ واریت بڑھے گی ۔ لاہور میں آج مقامی کلب میں پارٹی کی کورکمیٹی کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی دہشت گردی کا شکار ہے اور اور اگرہم نے کسی دوسرے کی جنگ میں بھی اپنے آپ کو شامل کر لیا تو ملک میں دہشت گردی اورفرقہ واریت بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے  کہا کہ نواز شر یف کی حکومت کے ساتھ جوڈیشل کمیشن پر جو ایم اویو سائن ہوا ہے اس پر حکومت عمل کرئے نہیں تو ہم ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پچھلے تین ماہ سے حکومت سے جوڈیشل کمیشن پر بات چل رہی تھی ،ہم پیچھے ہٹے ہیں تاکہ لچک کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت کی طرف سے پیغام آتا ہے کہ ایم او یو کو تبدیل کریں لیکن ایسا نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ میرا نواز شریف کو پیغام ہے کہ جو ان سے معاہدہ ہوا ہے اس پر قائم رہیں ورنہ ہم ایک بار پھر سڑکوں پر نکلیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ  کچھ ممالک چاہتے ہیں کہ مسلم ممالک کے آپس میں اختلاف رہیں اور ان کی آپس میں رنجشیں بڑھیں ۔ عارف علوی اور عمران خان کی مبینہ فون ٹیپ منظر عام پر آنے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے آڈیو ٹیپ نہیں سنی ابھی تک، اورکسی کا فون ٹیپ کرنا تو ویسے ہی جرم ہے ۔