Thursday, April 25, 2024

یمن جنگ میں سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون ختم کرنے کی قرار داد منظور

یمن جنگ میں سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون ختم کرنے کی قرار داد منظور
December 14, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی سینیٹ میں سعودی عرب سے متعلق 2 قراردادیں منظور ہو گئیں۔ ایک قرار داد میں سعودی ولی عہد کو جمال خشوگی کے قتل کا ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے جبکہ دوسری قرار داد میں ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ یمن جنگ میں سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ امریکی میڈیا کے مطابق قرار داد سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے چیئرمین باب کورکر نے پیش کی جو سینیٹ نے متفقہ طور پر منظور کی۔ اب یہ قرار داد ایوان نمائندگان میں جائے گی تاہم اس قرار داد کی کوئی قانونی حیثیت یا اس پر عمل درآمد ضروری نہیں ہے۔ قرار داد میں سعودی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ خشوگی کے قتل میں ملوث تمام افراد کے مناسب احتساب کو یقینی بنائے۔ دوسری جانب یمن جنگ میں سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون ختم کرنے سے متعلق قرارداد 41 کے مقابلے میں 56 ووٹوں سے منظور کی گئی۔ امکان ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس قرار داد کو ہر صورت میں ویٹو کر دیں گے۔